اے جی این نیوز کے رپورٹر شہزاد حسین مرزا کوپولیس کی جانب سے ہراساں کرنے پر آر آئی یو جے کی شدید مذمت

اسلام آباد۔راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس نے اے جی این نیوز کے رپورٹر شہزاد حسین مرزا کو اسلام آباد پولیس آئی نائن کی طرف سے ہراساں کرنے ،گریبان پکڑنے اور گن تان کر جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے آر آئی یو جے کے صدر طارق علی ورک و دیگر عہدیداران نے کہا ہے کہ آئے روز صحافیوں کے ساتھ اسلام آباد پولیس کی طرف سے اس طرح کا رویہ اپنانے کے واقعات رونما ہو رہے ہیں لیکن وفاقی وزیر داخلہ اور آئی جی اسلام آباد کی جانب سے کوئی نوٹس نہیں لیا جا رہا ہے اور ایسے عناصر جو اسلام آباد پولیس کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی ہے انہوں نے کہا کہ اے جی این نیوز کے رپورٹر شہزاد حسین مرزا راولپنڈی پنڈورا چونگی سے آئی نائن اپنے گھر جا رہے تھے کہ راستے میں پولیس کے ناکے پر موجود اہلکاروں نے ادارے کا کارڈ دیکھانے اور تعارف کروانے کے باوجود ان کے بیٹے کے سامنے ہراساں کیا گیا ،دھمکیاں دی گئیں اور گن تان کر ڈرایا گیا آر آئی یو جے اس کو کسی طور پر بھی برداشت نہیں کر سکتی آر آئی یو جے کی قیادت نے مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ اور آئی جی اسلام آباد اس واقعہ کا فوری نوٹس لیں اور اس میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف فوری کاروائی کی جائے بصورت دیگر آر آئی یو جے بھرپور طریقے سے احتجاج کرے گی