اسلام آباد.وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی، رومینہ خورشید عالم نے ماحولیاتی تحفظ کو بڑھانے اور مقامی کمیونٹیز کو سماجی و اقتصادی فوائد فراہم کرنے کے لیے ماحولیاتی سیاحت کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیاھے۔
سیاحت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں، انہوں نے مختلف مناظر، بھرپور حیاتیاتی تنوع اور پائیدار سیاحت کے طریقوں کو فروغ دینے کے عزم کی بدولت ماحول دوست سفر کے لیے ایک پرکشش مقام کے طور پر پاکستان کی بڑھتی ہوئی عالمی پہچان کو اجاگر کیا۔
سیاحت کا عالمی دن ہر سال 27 ستمبر کو دنیا بھر میں سیاحت کی اہمیت اور اس سے پیدا ہونے والے عالمی سماجی، ثقافتی اور اقتصادی اثرات کو اجاگر کرنے کے لیے منایا جاتا ہے، اس سال سیاحت کے عالمی دن کا تھیم ”سیاحت اور امن“ ہے، وزیر اعظم کی ماحولیاتی معاون رومینہ خورشید عالم نے کہا، “سب سے بڑھ کر سیاحت لوگوں کو ایک جگہ متحد کرتی ہے اور لوگوں کے درمیان رابطے بڑھتے ہیں، یہ لوگوں کے درمیان زیادہ پرامن، ہم آہنگی اور رابطے کا باعث بنتی ہے۔”
انہوں نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پائیدار اور ماحول دوست سیاحت ملازمتوں کے نئے مواقع پیدا کرکے، شمولیت کو فروغ دے کر اور مقامی معیشتوں کو سماجی اور اقتصادی طور پر مضبوط بنا کر کمیونٹیز کو مضبوط
کرنے میں مدد کرتی ہے،انہوں نے ملک میں ماحولیاتی طور پر پائیدار سیاحت کو فروغ دینے کے لئیے ملک بھر میں درخت لگانے کے حکومتی اقدامات پر روشنی ڈالی جس میں مارگلہ کی پہاڑیوں پر 10 لاکھ درخت لگانے اور مختلف شمالی علاقوں میں کیمپنگ ویلجز کا قیام شامل ہے جس کا مقصد سیاحت کی پائیدار ترقی کو حاصل کرنا ہے۔
رومینہ خورشید نے وضاحت کی کہ متنوع مناظر کی وجہ سے پاکستان مقامی اور بین الاقوامی سیاحوں کے لیے ایک اعلیٰ ترجیحی مقام کے طور پر پہچانا جاتا ہے، جہاں سیاح منفرد قدرتی حسن، وسائل سے مالا مال حیاتیاتی تنوع، برف پوش پہاڑوں اور پر سکون وادیوں میں پھیلے ہوئے مناظر، صحرائی زمینیں، سر سبزگھاس کے میدان اور بہتے ہوئے دریاملک کے مختلف حصوں کا نظارہ کرتے ہیں ،پی ایم کی کوآرڈینیٹر نے مزید کہا کہ ملک کے جنت نظیر علاقے، جیسے شمالی علاقہ جات جہاں نانگا پربت جیسی چوٹیاں ہیں، ہنزہ جیسی سرسبز وادیاں، اور بحیرہ عرب کے ساتھ ساحلی علاقے، جو منفرد ماحولیاتی مہم جوئی پیش کرتے ہیں۔
کہا کہ پاکستان میں ماحولیاتی سیاحت مقامی کمیونٹی کی شمولیت پر زور دیتی ہے، اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ سیاحت دیہی آبادی کو معاشی اور سماجی طور پر فائدہ پہنچائے، انہوں نے نتیجہ اخذ کیا کہ ماحولیاتی سیاحت کو فروغ دے کر پاکستان کا مقصد مقامی کمیونٹیز کو بااختیار بنانا، غذائی عدم تحفظ کا مقابلہ کرنا، اور قابل تجدید توانائی، انٹرنیٹ، اور صاف پانی تک رسائی کو بہتر بنانا ہے جس سے ماحول اور معیشت دونوں کے لیے کامیابی کا راستہ ہموار کیا جائے.