رانا مشہود اور عطا تارڑ کا ایس سی او اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے سی ڈی اے ہیڈکوارٹر کا دورہ

رانا مشہود اور عطا تارڑ کا ایس سی او اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے سی ڈی اے ہیڈکوارٹر کا دورہ

اسلام آباد۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) سمٹ کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے سی ڈی اے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا. چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا سمیت سنئیر افسران نے مہمانوں کا استقبال کیا۔اجلاس میں انسپکٹر جنرل اسلام آباد، وزارت خارجہ کے سینئر افسران، سی ڈی اے انوائرمنٹ ونگ اور انجینئرنگ ونگز، DC اسلام آباد، MCI، DMA، باکو ٹیم کے نمائندے، اور سیرینہ ہوٹل کی انتظامیہ نے حصہ لیا .

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کو SCO سمٹ کی تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر اطلاعات کو اسلام آباد بیوٹیفیکیشن پلان، جناح کنونشن سینٹر (JCC) کی تزئین و آرائیش، VIP روٹس کی تعمیر ومرمت اور بین الاقوامی وفود اور معززین کے لئے سیکیورٹی اور رہائش کے انتظامات پر بریفننگ دی گئ.

اجلاس کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے اس بات پر زور دیا کہ SCO سمٹ پاکستان کے سافٹ اور مثبت امیج دنیا کے سامنے پیش کرنے کا ایک بہترین موقع ہے. انہوں نے اس میگا ایونٹ کے انعقاد کے لئے ضروری اور غیر معمولی کوششیں کرنے پر زور دیا. انہوں نے بین الاقوامی وفود کے پرتپاک استقبال کرنے کے لیے ترتیب دئیے گئے پروگرامز کا بھی جائزہ لیا. وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے ایونٹ کے دوران شہر کی خوبصورتی بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ SCO سمٹ کی تیاریوں کا کام بھرپور طریقے سے جاری ہے. انہوں نے VIP اور متبادل روٹس کے ساتھ خوبصورتی کے جامع منصوبے پر بریفننگ دی. انہوں نے بتایا کہ مختلف ڈیزائن کے مجسمے اور سائن ایج اہم مقامات پر نصب کئے جا رہے ہیں. اسی طرح اہم انٹرچینجز، انڈرپاسز، پل، اور دیگر انفراسٹرکچر کی تزئین و آرائش اور رنگ و روغن کا کام بھی کیا جارہا ہے تاکہ شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کیا جاسکے۔ شہر کو خوبصورت بنانے کے لئے اقدامات باکو کی ہارٹیکلچر ٹیم کے ماہرین کی مشاورت سے کئے جا رہے ہیں۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے اجلاس کو بتایا کہ اہم شاہراؤں کو پرچموں، ڈیجیٹل اسٹریمرز، اور SMDs سے سجایا جارہا ہے تاکہ شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہو سکے. اسی طرح اہم سڑکوں کی بھی مرمت کی جارہی ہے، جس میں پیچ ورک، کرب سٹونز کا رنگ وروغن اور لین مارکنگ بھی شامل ہیں.

ممبر انجینئرنگ نے جناح کنونشن سینٹر کی تزئین و آرائش کے بارے میں بریفننگ دیتے ہوئے بتایا کہ JCC کے کام تکمیل کے قریب ہے اور جناح کنونشن سینٹر سمٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے مکمل تیار ہے۔انہوں نے بتایا کہ تزئین و آرائش کے بعد سی ڈی اے نے جناح کنونشن سینٹر کو فارن آفس کے حوالے کرنا بھی شروع کر دیا ہے۔سیرینہ ہوٹل کی انتظامیہ کے نمائندوں نے اہم وفود کے لئے رہائش اور مہمان نوازی کے انتظامات کے بارے میں بریفننگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ہالز اور کمرے اعلیٰ معیار کے مطابق دوبارہ تیار کیے گئے ہیں اور تمام رہائش تقریباً تیار ہے۔

انسپکٹر جنرل اسلام آباد نے بین الاقوامی وفود کی حفاظت کے لئے خصوصی سیکیورٹی انتظامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔آخر میں وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان ٹیم ورک کی اہمیت پر زور دیا تاکہ ایک کامیاب اور منظم سمٹ کے انعقاد کو یقینی بنایا جاسکے.