اسلام آباد۔اسلام آباد پولیس کے شہیدکا نسٹیبل عبد الحمید شاہ کی نماز جنازہ ایکسپریس چوک میں ادا کر دی گئی۔شہیدعبد الحمید شاہ کو گزشتہ روز پر تشدد احتجاج میں شر پسند عناصر نے اغواءکے بعد تشدد کا نشانہ بنایا ،جو ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے،نماز جنازہ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ،گورنر خیبر پختونخواہ فیصل کریم کنڈی سمیت سیکرٹری داخلہ ،چیف کمشنر اسلام آباد ،آئی جی اسلام آباد ،آئی جی پنجاب اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و جوانوں سمیت بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس کے شہیدکا نسٹیبل عبد الحمید شاہ کی نماز جنازہ ایکسپریس چوک میں ادا کر دی گئی،نماز جنازہ میں وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی ،گورنر خیبر پختونخواہ فیصل کریم کنڈی سمیت سیکرٹری داخلہ کیپٹن ریٹائرڈ محمد خرم آغا،چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھوا،آئی جی اسلام آباد سید علی رضا،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سمیت اسلام آباد پولیس ،پنجاب پولیس ،فرنٹیئر کانسٹیبلری اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و جوانوں سمیت بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی، اسلام آباد پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی،وزیر داخلہ نے شہید کے جسد خاکی پر پھولوں کی چادر چڑھائی اورپورے سرکاری اعزاز کے ساتھ انکی میت تدفین کے لئے ان کے آبائی علاقے روانہ کر دیا گیا،وزیر داخلہ اور آئی جی اسلام آباد نے شہید کے لواحقین کے ساتھ ملاقات کی پولیس فورس کی طرف سے اظہار افسوس کیا اور شہید کے درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی کی۔
انہوں نے کہا کہ شہید کانسٹیبل نے شہریوں کی جان ومال کی حفاظت کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کیا شہید کی قربانی کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے ،گزشتہ روز سیاسی جماعت کے پرتشدد احتجاج کے دوران شرپسند عناصر نے شہید کانسٹیبل عبدالحمید شاہ کو اغوا کے بعد تشدد کا نشانہ بنایا اور وہ ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہادت کے اعلیٰ رتبے پر فائز ہوگئے،شہید کانسٹیبل 26 نمبر چونگی پر لاءاینڈ آرڈر ڈیوٹی پر تعینات تھے اور اسلام آباد پولیس کے انوسٹی گیشن ونگ میں تعینات تھے،انہوں نے اسلام آباد پولیس میں 1988 میں شمولیت اختیار کی اور 3 ماہ بعد پولیس سے سروس مکمل کرکے ریٹائر ڈہونا تھا۔آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ ہم وردی پہنتے ہیں اور شہادت کے جذبے سے سرشار ہوتے ہیںایسی بزدلانہ کاروائیاں ہمارے فرض کی ادائیگی میں رکاوٹ نہیں بن سکتیں،پولیس فورس کا مورال بلند ہے اور ہم سماج دشمن عناصر کا قلع قمع کرکے ہی دم لیں گے ،قبل ازیںاسلام آباد پولیس کے 63پولیس افسران اپنی پیشہ وارانہ خدمات کی انجام دہی کے دوران ملک وقوم اور شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے لئے جام شہادت نوش کر چکے ہیں،انہوں نے مزید کہا کہ پولیس فورس کا ہر افسرملک وقوم کی خاطر ہمہ وقت جان نثار کرنے کو تیار ہے ۔