جڑواں شہروں میں بچوں کو اغوا ءزیادتی کے مقدمات میں پھنسانے کی دھمکیاں دے کر لوٹنے والے منظم گینگ کا انکشاف

اسلام آباد ۔کراچی، لاہور کے بعد راولپنڈی ،اسلام آباد میں بھی بچوں کو اغوا ءزیادتی کے مقدمات میں پھنسانے کی دھمکیاں دے کر لوٹنے والے منظم گینگ کا انکشاف ہوا ہے،منظم گینگ کے ہاتھوں جڑواں شہروں سے تعلق رکھنے والے درجنوں شہری اب تک لٹ چکے ہیں۔کئی تھانوں میں شکایات اور مقدمہ کے اندراج کیلئے دی گئی درخواستوں پر بھی پولیس نے کوئی ایکشن نہیں لیا۔ذرائع کے انکشاف کیا ہے کہ کئی شہریوں نے کارروائی کیلئے ایف آئی اے اور اس کے منسلک سائبر کرائم ونگ میں بھی درخواستیں دیں لیکن شاید وہ بھی کسی بڑے واقعے یا سانحے کے منتظر ہیں ۔گزشتہ روز راولپنڈی کے ایک شہری کو نامعلوم مقام سے فون کیاگیا اور گینگ نے جس کانام بتایا وہ پہلے ہی اس کو اپنی تحویل میں لینے کاکہہ چکے ۔ ذرائع کے مطابق گینگ کے افراد نے شہریوں سے باقاعدہ پیسے بٹورنے کیلئے مختلف ایپس کے ذریعے کال کرتے ہیں ۔کہ آپ کے بیٹا یا بیٹی کو اغوا کر لیا گیا ہے ہم تھانے سے بول رہے ہیں اور آپ کا بیٹا ہمارے پاس، لڑکی سے زیادتی کے کیس میں پکڑا گیا ہے اب دو لاکھ روپے کا انتظام کریں ورنہ مقدمہ درج کر لیا جائے گا اس طرح شہریوں کو اے آئی کے ذریعے بچوں کی آوازیں بھی سنائی جاتی ہیں جس سے والدین ان کے گھیرے میں آکر اپنے کئی لاکھ گنواچکے ہیں ۔عبید عرفان خالد نامی نوجوان نے انکشاف کیا کہ ان کے والدین کو بھی فون کر کے کہا گیا کہ ہم اسلام آباد کے تھانے سے ایس ایچ او اشرف بول رہا ہوں ڈیڑھ لاکھ کا بندوبست کرو ورنہ مقدمہ درج کر لیا جائے گا تاہم نوسر باز گینگ لاکھوں روپے ہتھیا لینے کے بعد فون بند کردیتا ہیں۔ جبکہ راولپنڈی اسلام آباد کے مختلف تھانوں میں تھانوں ایف آئی اے کے پاس درخواستیں بھی دی گئی مگر کاروائی نہ ہو سکی ان کا کہنا ہے کہ نوسر باز گینگ کمپیوٹر نمبرز سے کال کرتا ہے جس پر کال جا نہیں سکتی۔ ملزمان نے فوت افراد کے نام پر باقاعدہ سمیں جاری کروا رکھی ہیں اور ان کے نام پر ایزی پیسہ،جاز کیش،یوکیش اکاؤنٹ کھول رکھے ہیں جن میں شہری رقم بجھواتے ہیں۔ عوامی سماجی حلقوں نے وزیراعظم ،وزیرداخلہ،آئی جی اسلام آباد،آئی جی پنجاب سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر منظم گینگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرکے ملزمان کو فوری گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دیں ۔ذرائع نے بتایا ہے کہ یہ گینگ اس سے پہلے لاہور اور کراچی میں متعدد وارداتیں کرکے شہریوں کی جمع پونجی لوٹ چکا ہے ۔