چیئرمین سی ڈی اے کی زیر صدارت اجلاس،طویل المدتی بیوٹیفکیشن پلان پرتفصیلی بریفنگ

اسلام آباد۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت بدھ کے روز اسلام آباد کے طویل المدتی بیوٹیفکیشن پلان کے حوالے سے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ممبر انوائرمنٹ اور ایم سی آئی کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

چیئرمین سی ڈی اے کو اسلام آباد میں جاری بیوٹیفکیشن پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی\۔اجلاس میں وزیر اعظم کی طرف سے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں اسلام آباد کی خوبصورتی کی تعریف کرنے پر شکریہ کا اظہار بھی کیا گیا۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ اسلام آباد کی مستقل خوبصورتی کے لیے سی ڈی اے کی صلاحیتوں اور استعداد کار کو مزید بڑھایا جائے۔ اس ضمن میں اسلام آباد کی خوبصورتی میں اضافے کے لئے یونیورسٹی کے طلباء کی تخلیقی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھایا جائے۔

اجلاس میں شہر کو پھولوں سے سجانے کے لئے کی گئ شجرکاری اور دیگر جاری بیوٹیفیکیشن کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد کے تمام فواروں کو فعال کیا جائے۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ کانسٹٹیوشن ایونیو سمیت دیگر اہم شاہراؤں پر مستقل لائٹس کی تنصیب کے لیے منصوبہ تیار کیا جائے. انہوں نے ایم سی آئی کو ہدایت دی کہ شہر کے اہم انٹرچینجز اور پلوں سمیت دیگر کمرشل مراکز میں مزید ڈیجیٹل سٹریمرز نصب کئے جائیں۔

چیئرمین سی ڈی اے نے انوائرمنٹ اور پلاننگ ونگ کو ہدایت دی کہ اوپن سپیسزز کے استعمال کی اجازت دیتے وقت ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنایا جائے. واضح رہے سی ڈی اے اسلام آباد کی خوبصورتی اور شہر کی اپلفٹ کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔