دستاویزات کی سکیورٹی پر تربیت، ایف آئی اے افسران کا دورہ ڈنمارک

اسلام آباد ۔انٹرنیشنل سینٹر فار مائیگریشن پالیسی ڈویلپمنٹ (آئی سی ایم پی ڈی) نے پاکستان کی فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے افسران کے لیے دستاویزات کی سکیورٹی پر ڈنمارک کا ایک مطالعاتی دورہ منظم کیا۔ پاکستانی وفد کی قیادت چیف آف اسٹاف ٹو ڈی جی ایف آئی اے جناب جواد قمر نے کی۔ وفد میں اسلام آباد، لاہور، کراچی اور پشاور کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں سے سیکنڈ لائن افسران اور ایف آئی اے ٹیکنیکل ونگ سے ایک تھرڈ لائن آفیسر شامل تھے۔

اس دورے کا خاص پہلو ڈنمارک کے نیشنل آئی ڈی سینٹر میں دو دن پر مشتمل تربیتی سیشنز تھے۔ ان سیشنز میں دستاویزات کی تیاری، ذاتی نوعیت کی خصوصیات، اور تصدیق کے جدید طریقوں پر تفصیلی تربیت دی گئی۔ تربیت میں معیاری جانچ کے طریقے، امتحانی ٹیموں میں کردار کی تفریق، اور حوالہ جاتی ڈیٹا بیس کے استعمال پر زور دیا گیا۔ اس تربیت نے مستند اور جعلی دستاویزات میں فرق کرنے کے تکنیکی پہلوو¿ں کو اجاگر کیا، جو کہ پاکستان کی سرحدی سکیورٹی کے لیے نہایت اہم ہے۔

مطالعاتی دورے کا اختتام کوپن ہیگن انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بریفنگ کے ساتھ ہوا جہاں وفد کو ڈنمارک کی سرحدی کنٹرول کی کئی پرتوں پر مشتمل ڈھانچے کے حوالے سے معلومات فراہم کی گئیں۔ اس بریفنگ سے شرکاء کو دستاویزات کی دھوکہ دہی کے رجحانات اور پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کی تصدیق کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی کو سمجھنے کا موقع ملا۔

یہ مطالعاتی دورہ نہ صرف شرکاءکی مہارت میں اضافے کا باعث بنا بلکہ اس سے علاقائی نیٹ ورکنگ کو بھی فروغ ملا۔ یہ سرگرمی آئی سی ایم پی ڈی اور ایف آئی اے پاکستان کے اس عزم کو مزید مضبوط بناتی ہے کہ وہ پاکستان میں سرحدی سکیورٹی کو بہتر بنانے اور عالمی بہترین اصولوں کو اپنانے میں کردار ادا کریں۔