راولپنڈی ۔سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کے ہیڈ کوارٹرز میں پروموٹ ہونے والی ٹریفک اسسٹنٹس کے اعزاز میں شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کے خصوصی احکامات پر چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی نے ٹریفک ہیڈکوارٹرز ریس کورس میں ایک پُروقار تقریب منعقد کروائی جس میں ٹریفک اسسٹنٹس کو سینئر ٹریفک اسسٹنٹ کے عہدے پر ترقی پانے پر بیجز لگائے گئے۔
اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر بینیش فاطمہ نے دیگر سرکل افسران اور ڈی ایس پیز کے ہمراہ 22 ٹریفک اسسٹنٹس کو اگلے عہدے کے بیجز لگا کر ان کی خدمات کا اعتراف کیا تقریب میں بہترین کارکردگی دکھانے والے مختلف 50 افسران کو خصوصی ایوارڈز سے بھی نوازا گیا جن میں 12 سینئر ٹریفک وارڈنز، 14 ٹریفک وارڈنز، اور 24 ٹریفک اسسٹنٹس و سینئیر ٹریفک اسسٹنٹس شامل تھے۔
اس کے ساتھ ساتھ، گوجر خان اور اڈیالہ سرکل کی دو خاتون ایڈیشنل سرکل افسران کو بھی ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں خصوصی ایوارڈز دیے گئے تقریب کے دوران چیف ٹریفک آفیسر بینیش فاطمہ نے اپنے خطاب میں افسران کو عہدے کی اہمیت اور ذمہ داریوں کا احساس دلایا۔انہوں نے کہا کہ ہر افسر کو چاہیے کہ وہ اپنے فرائض کو خلوص نیت سے سرانجام دے اور عوام کے ساتھ حسن سلوک کو اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا حصہ بنائے ۔
تقریب کے اختتام پر سی ٹی او راولپنڈی نے تمام افسران کو ترقی اور ایوارڈز پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی اپنی ذمہ داریوں کو پوری ایمانداری سے نبھائیں گے اور عوام کی خدمت کو اولین ترجیح دیں گے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے کردار میں دیانت داری برقرار رکھیں تاکہ شہریوں کی زندگیوں کو مزید محفوظ اور آسان بنایا جاسکے۔