آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی اعلیٰ سطحی اجلاسوں کی صدارت ، آئی جی اسلام آباد نے اینٹی رائٹ یونٹ اور سیف سٹی اسلام آباد کی کارکردگی کا جائزہ لیا، انہوں نے اینٹی رائٹ یونٹ کی استعداد کار کو بڑھانے شہر بھر میں سیف سٹی کیمروں کی تنصیب اور نگرانی کے نظام کو مزید موثر بنانے کے لئے احکامات جاری کئے، تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت سنٹر ل پولیس آفس اسلام آباد اور سیف سٹی اسلام آباد میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوئے ،جن میں ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز /سکیورٹی محمد جواد طارق ،ڈی جی سیف سٹی شاکر حسین داوڑ سمیت دیگر سینئر پولیس افسران نے شرکت کی،آئی جی اسلام آباد نے اینٹی رائٹ یونٹ کی کارکردگی ،دستیاب وسائل اور موجودہ نفری کا جائزہ لیا،انہوں نے سینئر پولیس افسران کو وفاقی دارلحکومت میں امن و امان کے قیام ،غیر قانونی اجتماعات اور دھرنوں سے نمٹنے کے لئے اینٹی رائٹ یونٹ کی استعداد کا ر کو بڑھانے کے احکامات جاری کئے.
انہوں نے کہا کہ اینٹی رائٹ یونٹ کی موجودہ نفری کو بڑھایا جائے اور نوجوان پولیس افسران کو اس یونٹ کا حصہ بناتے ہوئے انہیں بہترین تربیت اور مزید وسائل فراہم کئے جائیں ،آئی جی اسلام آباد نے سیف سٹی کیمروں کی تنصیب اور کارکردگی کا بھی جائزہ لیا، ڈی جی سیف نے آئی ٹی سٹاف کے ہمراہ شہر بھر میں کیمروں کی نگرانی کے نظام پر آئی جی اسلام آباد کو بریفنگ دیتے ہوئے کیمروں کی تعداد ، کام کرنے کی صلاحیت اور نگرانی کے ذریعے جرائم کی روک تھام میں سیف سٹی کے کردار پر روشنی ڈالی،آئی جی اسلام آباد نے افسران کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سیف سٹی اسلام آباد کی سروسز کو بہتر بناتے ہوئے اس کے دائرہ کار کو بڑھایا جائے،سیف سٹی میں موجود ہ سافٹ ویئر ز کی کارکردگی کو بہتربنانے کے ساتھ نئے سافٹ ویئرز کو شامل کیا جائے،انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی دارلحکومت میں اہم مقامات پر موجود خراب کیمروں کو جلد از جلد درست کیا جائے اور مزید نئے کیمروں کو انسٹال کیا جائے تاکہ نگرانی کے عمل کو مزید بہتر بنایا جا سکے اور سٹریٹ کرائمز سمیت ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر قابو پایا جا سکے .