راولپنڈی۔سابق تحصیل ناظم راولپنڈی،سابق ٹاﺅن ناظم پوٹھوہارٹاﺅن راولپنڈی وسابق چیئرمین راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی(RDA-WASA)حامد نوازراجہ نے کہا ہے کہ قیام پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی انتھک کاوشوں کا نتیجہ ہے، قائداعظم محمد علی جناح آج بھی ہم سب کیلئے مشعل راہ ہیں،آئیے آج کے دن قومی اتحاد اور ایک خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کا عہد کریں۔قائد اعظم کے148ویں یوم ولادت پر پیغام میں کہا کہ آج ہم قائداعظم محمد علی جناح کا 148واں یوم پیدائش پورے جوش و جذبے کے ساتھ منا رہے ہیں۔
پوری قوم بانی پاکستان کو انتہائی عقیدت اور احترام کے ساتھ یاد کرتی ہے۔حامد نواز راجہ کا مزید کہنا تھا کہ ہم بحیثیت قوم اللہ تعالی کے شکر گزار ہیں کہ ہمیں اس عظیم قائد سے نوازا جس نے برصغیر کے مسلمانوں کی قیادت کی اور بالآخر ہمارے لیے ایک آزاد وطن حاصل کیا، قائداعظم کے عزم اور غیر متزلزل قوت ارادی نے مسلمانوں کو اپنے مقصد کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھنے اور عظیم مقصد کے لیے تمام مشکلات کا بہادری سے مقابلہ کرنے کا عزم دیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کے اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں پر عمل پیرا ہو کر مسلمانوں نے بے مثال قربانیاں دیتے ہوئے اپنا اجتماعی مقصد حاصل کیا،یہ ان کی کردار کی مضبوطی تھی جو برصغیر کے مسلمانوں کیلئے مشعلِ راہ بنی،اپنے عظیم قائد کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم بحیثیت قوم ان کے اصولوں پر عمل کریں، آج کے دن بین المذاہب ہم آہنگی کے لئے قائد کے دیئے ہوئے پیغام کو دہرانے، انتہا پسندی کی قوتوں کو شکست دینے ، جمہوریت، پرامن بقائے باہمی اور قانون کی حکمرانی کے اصولوں کو برقرار رکھنے کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔
حامد نواز راجہ نے کرسمس تہوار کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرسمس محبت و اخوت، برداشت اور ایثار کا نام ہے، کسی بھی معاشرے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں انہی اقدار کا کلیدی کردار ہوتا ہے،موجودہ دور میں ہمیں حضرت عیسی علیہ السلام کے انسانی ہمدردی، محبت، رواداری اور بھائی چارے کے پیغام پر عمل کی سب سے زیادہ ضرورت ہے،ان کا مزید کہنا تھا کہ قائد کے پاکستان میں ہر شخص کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے، آئینِ پاکستان اقلیتوں کو خصوصی تحفظ فراہم کرتا ہے۔ مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے بھائیوں اور بہنوں کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں، حامد نواز راجہ نے مزید کہا کہ پاکستان میں ہر شہری کو بلاامتیاز رنگ و نسل اپنے مذہبی عقائد و تعلیمات کے مطابق زندگی بسر کرنے اور مذہبی تہوار منانے کی مکمل آذادی حاصل ہے،مسلمان حضرت عیسی علیہ السلام کو اللہ تعالی کا برگزیدہ اور سچا پیغمبر مانتے ہیں اور ان کا یوم ولادت مسلمانوں کے لیے بھی اتنا ہی باعث مسرت ہے جتنا مسیحی برادری کیلئے ہے۔