میاں ریاض حسین پیرزادہ نے ایف-9 پارک اسلام آباد میں سنڈس فاؤنڈیشن کے تھیلیسیمیا سینٹر کا دورہ

اسلام آباد(نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ نے ایف-9 پارک اسلام آباد میں سنڈس فاؤنڈیشن کے تھیلیسیمیا سینٹر کا دورہ کیا۔ انہوں نے نیا قائم کیا گیا ایکٹیوٹی روم اور تھیلیسیمک بچوں کے لئے بیرونی گیٹ سے آمدورفت کی سہولت کے لئے الائیڈ بینک کی جانب سے عطیہ کردہ الیکٹرک کارٹ کا افتتاح کیا وزیر نے بطور مہمان خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فاؤنڈیشن کے بے لوث کام کی دل کی گہرائیوں سے تعریف کی کہ یہ اپنی طرز کا پہلا غیر منافع بخش ادارہ ہونے کی وجہ سے ملک بھر کے ہزاروں بچوں کو خون کی مفت منتقلی کی خدمات فراہم کررہا ہے۔ انہوں نے انسانیت کی خدمت کے لئے سینئر مینجمنٹ کے جذبے کی تعریف کی۔ انہوں نے بانی چیئرمین منیر احمد قریشی عرف منو بھائی کے انسانیت کے لیے کیے گئےکام کو بھی یاد کیا جنہوں نے اپنی زندگی میں تھیلیسیمیا میں مبتلا مریضوں کے علاج میں گہری دلچسپی لی تھی۔

وزیر نے ضروری قانون سازی، آگاہی، اورشادی سے قبل لازمی لیب ٹیسٹ اور پاکستان میں تھیلیسیمیا کی روک تھام کے لئے جدید تحقیق کے استعمال پر زور دیا۔ اس موقع پر وزیر نے بچوں میں تحائف بھی تقسیم کئے۔
اپنے خطاب میں ڈائریکٹر سنڈس فاؤنڈیشن اسلام آباد ایئر وائس مارشل ہلال امتیاز (ملٹری) آفتاب حسین نے فاؤنڈیشن کے فرائض اور آپریشنز، اس کی موجودہ خدمات اور اس کے چیلنجز بیان کئے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ فاؤنڈیشن گزشتہ 26 سال سے کام کر رہی ہے اور آج کل اس نے اپنی خدمات کو نو بڑے شہروں میں بارہ قائم مراکز کے ساتھ پھیلا دیا ہے۔

یہ تنظیم ہر سال 30 ہزار خون کے بیگز منتقل کررہی ہے اور روزانہ 250-300 یونٹ صحت مند اور اسکریننگ شدہ خون اور خون کی مصنوعات کی فراہمی کررہی ہے۔ چھ سال پہلے سے قائم کردہ اسلام آباد میں مرکز، کسی بھی طرح کے خون کی بیماری یا خرابی کے ساتھ 52243 مریضوں کو فائدہ پہنچا رہا ہے. یہ مرکز خون کی منتقلی کی مفت خدمات، ادویات، جانچ اور تحقیقات کی سہولیات فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تھیلیسیمیا بچوں کے لئے مذہبی، نصابی، اور غیر نصابی سرگرمیوں کے لئے ایک مکمل ماحول فراہم کرنے کے لئے ایکٹیوٹی روم قائم کیا گیا ہے اور ایسی سہولت مہیا کرنے والا یہ دنیا کا پہلا تھیلیسیمیا سنٹر ہے۔ انہوں نے بڑھتی ہوئی مہنگائی اور معاشرے میں خون کے عطیہ کے مختلف رجحانات کو تنظیم کے اہم چیلنجوں کے طور پر شمار کیا آخر میں سینئر اداکار و ہ ڈائریکٹر جناب خالد عباس ڈار نے منتظمین، ڈونرز، اور مہمان خصوصی سے اظہار تشکر کیا۔