ترکیہ اور پاکستان میں نو جوانوں کی آبادی میں تناسب انہیں مشترک بناتا ہے، ہم یو تھ اور ٹورازم کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط اور مستحکم بنارہے ہیں ، عرفان نذیر اوغلو

اسلام آباد(نیوز رپورٹر)پاکستان میں تعینات ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلونے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے برادرانہ تعلقات تاریخی اہمیت کے حامل ہیں ذوالفقار علی بھٹو اور جنرل ضیاء الحق کے ادوار میں قائم ہونے والے تعلقات مزید مضبوط اور گہرے ہوئے ہیں،ترکیہ اور پاکستان میں نو جوانوں کی آبادی میں تناسب انہیں مشترک بناتا ہے، ہم یو تھ اور ٹورازم کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط اور مستحکم بنارہے ہیں،ہم پاکستان کے ہر مکتبہ فکر کے لوگوں اور ادارہ جاتی تعادن پرکام کر رہے ہیں ،نیشنل پریس کلب کے پلیٹ فارم سےبین التجارتی کانفرنسزسمیت دیگر سرگرمیوں میں حصہ لیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے)نیشنل پریس کلب اور راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (آر آئی یو جے) کے نمائندہ وفد سے ترکیہ کے سفارت خانہ میں ایک ملاقات کے دوران کیا،وفد میں صدر پی ایف یو جے افضل بٹ ، صدر نیشنل پریس کلب اظہر جتوئی ، سیکرٹری نیشنل پریس کلب نیئر علی ،سیکرٹری فنانس این پی سی وقار عباسی، صدر آر آئی یو جے طارق علی ورک، فنانس سیکرٹری ندیم چوہدری اور جوائنٹ سیکرٹری گلزار خان شامل تھے،ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو نے وفد سے ملاقات میں کہا کہ پاکستان ترکی کے درمیان برادرانہ اور تاریخی تعلقات ہیں، انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں میںنو جوان آباد ی کا تناسب باقی ملکوں کے مقابلے میں زیادہ ہے جو ایک مثبت پہلو ہے،.

انہوں نے کہا کہ ترک سفارتخانہ پاکستان میں بین الا ادارہ جاتی تعاون، چیمبر آف کامرس اینڈ ٹریڈ اور ہائیر ایجوکیشن کے اداروں کے ساتھ مسلسل رابطوں میں ہے اور دو طرفہ با ہمی دلچسپی کے معاملات پر کام کرر ہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک اور ترکیہ کے در میان تجارتی حجم کوئی زیادہ نہیں ہے اس میں ابھی بہتری اور بڑھاوے کی اشد ضرورت ہے، انہوں نےپی ایف یو جے اورنیشنل پریس کلب کی جانب سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت اور سیاحت کے حوالے سے دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ملکرکانفرنسز کے انعقاد کی پیشکش کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ ہم پاکستان میں ہر مکتبہ فکر کے لوگوں کے ساتھ ملیں اور ان کی فلاح کیلئے کام کریں،ہمارا ادارہ ٹیکا اس ضمن میںاپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے،انہوںنے پاکستان میں سیاحت کے شعبے میں خصوصی دلچسپی کا اظہاربھی کیا ، ترکیہ کے سفیرنے نیشنل پریس کلب میں رمضان فیسٹول کے حوالے سے بچوں اور فیملیز کے حوالے سے منعقد ہونے والی سرگرمیوں میں بھی خصوصی طور پر دلچسپی کا اظہار کیا، انہوں نے وفد کوترکیہ اور پاکستان کے صحافیوں کے درمیان ایکسچینج پروگرام سمیت دیگر معاملات میں اپنا کردار اداکرنے کی بھی یقین دہانی کروائی،ترک سفیر نے صدر پی ایف یوجے افضل بٹ، صدرنیشنل پریس کلب اظہر جتوئی اور سیکرٹری این پی سی نیئر علی کی جانب سے دی جانیوالی تجاویز کا خیر مقدم کیا۔