اسلام آباد۔چیئرمین ٹوارزم فار انٹر فیتھ پیس و چیف ایگزیکٹو سٹاپ برین ڈرین لو پاکستان سید سادات حسین شاہ نے سال نو کے موقع پر کیک کٹنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل ہیں انہیں مایوس ہونے کے بجائے قومی جذبے اور ولولے کے ساتھ اس مملکت خداداد کو دنیا کی عظیم معاشی قوت بنانے کے لیے شبانہ روز محنت کرنے کے عزم کا اعادہ کرنا چاہیے، انہوں نے کہا کہ لاکھوں قربانیوں کے نتیجے میں حاصل ہونے والے اس خطہ ارض کو عالمی سازشوں سے بچانے کے لیے نوجوانوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا کیونکہ پاکستان ہماری محفوظ ترین پناہ گاہ ہے اور ہماری عزت اور توقیر صرف اس وطن کے دم سے ہی ہے ۔
سید سادات حسین شاہ نے کہا کہ پاکستان میں روزگار اور کاروبار کے انتہائی پرکشش مواقع موجود ہیں اور نوجوان ان سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ سٹاپ برین ڈرین اینڈ لو پاکستان کے نام سے قائم کیے جانے والے ادارے کے تحت نوجوانوں کو قومی ترقی کے عمل میں شریک کرنے کے لیے کارپوریٹ سیکٹر میں شاندار مستقبل کے مواقع فراہم کیے جائیں گے اور اس قابل بنایا جائے گا کہ وہ اپنے پاؤں پر کھڑے ہو کر نہ صرف خود روزگار کے قابل ہو سکیں بلکہ ملک و قوم کی بھی خدمت کر سکیں سید سادات حسین شاہ نے کہا کہ سال 2025 کے دوران ہمیں پاکستان کو ترقی اور کامیابیوں سے ہمکنار کرنے کے لیے اپنے اہداف مقرر کرکے سخت محنت کو اشعار بنانا چاہیے تاکہ ہم امن و ترقی سے دنیا میں نمایاں مقام حاصل کر سکیں-