اسلام آباد ۔نائب صدر و ترجمان فیڈریشن آف رئیلٹرز پاکستان رانا اکرم نے کہا ہے کہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر کو چلانے کیلئے کمپلیکس ٹیکسیشن کو ختم کرنا ہوگا کیونکہ بھاری ٹیکسیشن باعث ناصرف اتنا اہم سیکٹر جمود کا شکار ہوگیا بلکہ حکومتی ریونیو میں بھی اضافے کی بجائے کمی ہوگئی۔حکومت نے آمدہ بجٹ کے حوالے سے پندرہ فروری تک بجٹ تجاویز مانگی ہیں اگر ان تجاویز پر عمل ہی نہیں کرنا ہوتا تو پھر یہ ایک بے کار پریکٹس بن جاتی ہے۔ہم چونکہ اسٹیک ہولڈرز ہیں اس لیے ہمیں ٹیکسز کے لگنے کے بعد والی صورتحال پہلے پتہ ہوتی ہے۔ ہم نے گزشتہ برس بھی اپنی تجاویز میں حکومت کو اس کے حوالے سے آگاہ کیا تھا لیکن حکومت نے ہماری بات نہیں مانی ان ٹیکسز کے لگنے کے بعد پاکستان کے تمام متعلقہ اداروں میں پراپرٹی ٹرانسفرز وغیرہ صرف دس فیصد تک ہو سکی ہیں اس لیے ہمارا مطالبہ ہے کہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بیٹھیں اور ان کی دی گئی تجاویز پر عملدرآمد بھی کریں.