شہیدکانسٹیبل زبیر حسین بخاری کی نماز جنازہ پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں ادا

اسلام آباد(کرائم رپورٹر) شہید کا نماز جنازہ پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کیا گیا،نماز جنازہ میں آئی جی اسلام آباد ،سینئر پولیس افسران اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران وجوانوں نے شرکت کی، اسلام آباد پولیس کے شہیدکانسٹیبل زبیر حسین بخاری کی نماز جنازہ پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں ادا کر دی گئی،نماز جنازہ میں وفاقی آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی سمیت اسلام آباد پولیس ،ضلعی انتظامیہ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و جوانوں نے شرکت کی.

اسلام آباد پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی،آئی جی اسلام آباد نے شہید کے جسد خاکی پر پھولوں کی چادر چڑھائی اورپورے سرکاری اعزاز کے ساتھ انکی میت تدفین کے لئے روانہ کر دی گئی،آئی جی اسلام آباد نے شہید کے لواحقین کے ساتھ اظہار افسوس کیا اور شہید کے درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی کی،انہوںنے شہید کے ورثاءکو ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچانے کی یقین دہانی کروائی، آئی جی اسلام آباد نے سینئر پولیس افسران کو شہید کے اہلخانہ کو مکمل تعاون فراہم کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس کا ہر افسراور جوان ہمارے لئے قیمتی اثاثہ ہیں، ان کے اہلخانہ کا ہر طرح سے خیال رکھا جائے گا.