اسلام آباد(کرائم رپورٹر)آئی جی اسلام آباد نے افسران کو جرائم پیشہ گروہوں اور منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاﺅن تیز کرنے اور جرائم کے خاتمے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے احکامات جاری کئے، انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے آپریشنز ڈویژنز اور سیف سٹی اسلام آباد کے افسران کے ساتھ میٹنگ کی،میٹنگز میں اے آئی جی انوسٹی گیشن و کمپلینٹس سید عنایت علی شاہ،ایس ایس پی آپریشنز/انوسٹی گیشن محمد ارسلان شاہزیب،ایس ایس پی سیف سٹی شعیب خان ، ایس پی صدر زون خان زیب ،ایس پی سی آئی اے رخسار مہدی اور دیگر پولیس افسران نے شرکت کی.
آئی جی اسلام آباد نے آپریشنز ڈویژنز اور سیف سٹی اسلام آباد کی کارکردگی کا جائزہ لیا،انہوں نے تمام افسران کو ضلع بھر میں جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف منظم کریک ڈاﺅن کرنے اور “نشہ اب نہیں” تحریک کے تسلسل میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کو مزید تیز کرنے کے احکامات جاری کئے،انہوںنے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ وہ جرائم کی روک تھام اور جرائم پیشہ عناصر کا بروقت سراغ لگاتے ہوئے ان کی گرفتاریوں کو یقینی بنائیں،اشتہاری مجرمان ،عدالتی مفروران اور عادی مجرمان کے خلاف کریک ڈاﺅن عمل میں لائیں،آئی جی اسلام آباد نے سیف سٹی کی ٹیکنیکل ٹیم سے بھی میٹنگ کی ،انہوں نے شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے اور جرائم پیشہ عناصر پر گرفت مضبوط کرنے کے لئے مختلف سافٹ ویئرز کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے احکامات جاری کیے۔