اسلام آباد (کرائم رپورٹر) آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت مختلف میٹنگز کا انعقاد ایس ایچ اوز کی کارکردگی کا بغور جائزہ لیاگیا،کمزور کارکردگی والے افسران کی سرزنش، اچھی کارکردگی پر شاباش، تھانوں، دفاتر میں آنے والے درخواست گزاروں کو ترجیح پر سنا جائے،جس کی درخواست مقدمہ بنتا ہے فوری درج کیا جائے ،شہریوں، درخواست گزاروں کے ساتھ نامناسب رویہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا،وہی رہے گاجو کارکردگی دکھائے گا،تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدرات سنٹرل پولیس آفس میں مختلف میٹنگز کا انعقاد ، میٹنگز میں ڈی آئی جی اسلام آباد، ایس ایس پی آپریشنز، زونل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور ضلع بھر کے ایس ایچ اوز نے شرکت کی،آئی جی اسلام آباد نے تمام تھانہ جات کے ایس ایچ اوز کی کا کردگی کا بغور جائزہ لیا اور تمام افسران سے باز پرس کی ،کمزور کارکردگی والے افسران کی سرزنش کی اوراچھی کارکردگی کے حامل افسران کو شاباش دی .
انہوں نے تمام افسران کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اب وہی افسران اپنی پوزیشن پر بھال رہیںگے جو بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے،انہو ں نے مزید کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کروں گا،تھانوں اوردفاتر میں آنے والے درخواست گزاروں کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر سنا جائے،جبکہ جن سائلین کی درخواست قابل مقدمہ ہوں اور تمام قانونی تقاضوں پر پورا اترتی ہوں تو فوری مقدمے کے اندراج کو یقینی بنایا جائے،انہوں نے افسران کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں اوردرخواست گزاروں کے ساتھ نامناسب رویہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا،آپ سب پروفیشنل افسر ہیں، پوری لگن اور ایمانداری کے ساتھ تفویض کردہ فرائض کو پیشہ وارانہ اندازمیں سرانجام دیں، آئی جی اسلام آباد نے اسلام آباد پولیس میں جاری ترقیاتی کاموں میں تیزی لانے کی ہدایت کی اور عالمی معیار کے عین مطابق ان تعمیرات کو مکمل کرنے کے احکامات جاری کئے۔