اسلام آباد (کرائم رپورٹر)فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تعاون سے پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں ’ہیلتھ اینڈ فٹنس گالا 2025‘کا انعقاد،گالامیں پولیس افسران اور انکے اہلخانہ کاطبی ماہرین نے مفت چیک اپ کیا ادویات دیں اور اپنے قیمتی تجربات سے صحت منداور تندرست زندگی کیلئے رہنمائی اور آگاہی سمیت مفید مشورے دئیے ،گالاکا مقصد معاشرے میں تندرستی، فٹنس اور صحت مند طرز زندگی کو فروغ دینا ہے،انسپکٹرجنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی خصوصی ہدایت پراسلام آباد پولیس نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی) کے تعاون سے پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز اسلام آبادمیں ’ہیلتھ اینڈ فٹنس گالا 2025‘کا انعقادکیا،فٹنس گالا میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اس موقع پر گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر ،چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا ،اسلام آباد پولیس کے سینئر پولیس افسران، غیر ملکی مندوبین،تاجر برادری،ڈاکٹرز،سول سوسائٹی ممبران اور بڑی تعداد میں پولیس افسران اور انکے اہلخانہ شرکت کی،اس موقع پر مہمان خصوصی چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضاگیلانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پولیس ہیلتھ اینڈ فٹنس گالا کا اہتمام انتہائی اہمیت کا حامل ہے.
آج کا پروگرام پولیس کے شہداءاور ان کے اہلخانہ کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ہے،پولیس فورس کے جوان امن کیلئے شب و روز اپنی زندگیوں کو خطر ے میں ڈالتے ہیں،جبکہ پولیس کا امن برقرار رکھنے اور شہریوں کے تحفظ میں کلیدی کردار ہے ،پولیس کے شہداءہمارا فخر ہیں ،انہوں نے مزید کہا کہ صحت مند شہری بہتر معاشرے کو تشکیل دیتے ہیں ،گورنر پنجاب نے تقریب سے مخاطب ہوئے کہا کہ پولیس نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دی ہیں اورامن کو برقرار رکھنے کیلئے پولیس کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ،ہیلتھ اینڈ فٹنس گالا کے دوران معروف انٹرنیشنل اسپتال کے طبی ماہرین نے پولیس افسران و اہلخانہ کا طبی معائنہ کیا اور مفت ادویات دیں اور اپنے قیمتی تجربات سے صحت منداور تندرست زندگی کیلئے رہنمائی اور آگاہی دی ،جبکہ شاہین کیمسٹ کی جانب سے شرکا ءکو صحتمند اور تندرست رہنے کے لیے ادویات کے استعمال اور فارماسیوٹیکل کے حوالے سے مشورے دئیے گئے.
اسی طرح گالامیںجیکڈ نیوٹریشن کی جانب سے10 فٹنس آگاہی بوتھس کا اہتمام کیا گیا،جن کے ذریعے شرکاءکو جدیدسپلیمنٹس کے ساتھ اینٹی ایجنگ جیسی خدمات سمیت ورزش سے متعلق تربیت کی فراہمی، کارڈیو فٹنس سے متعلق حکمت عملی، فزیوتھراپی اور پیلیٹس کے ذریعے درد سے نجات سے متعلق تربیت اور آگاہی فراہم کی گئی، گالا کے اختتام پرمعروف انٹرنیشل ہسپتال اور شاہین کمیسٹ نے اسلام آباد پولیس کے شہداءکے اہلخانہ کو بہتر علاج معالجے سمیت ادویات پر تاعمر50فیصد رعایت کا اعلان کیا،ہیلتھ اینڈ فٹنس گالا 2025 کا مقصد صحت مند اور بہترین زندگی گزارنے کے لیے شہریوںمیں آگاہی اور بہتر زندگی گزارنے کے لیے ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے،جبکہ اس موقع پر بزنس کمیونٹی سمیت مختلف طبقوں کے ماہرین کو یکجا کر کے ایونٹ کا انعقاد انفرادی زندگی میں بہتری اور مجموعی فلاح و بہبود سمیت صحت مندزندگی کے حوالے سے سماجی شعور بیدار کرنا ہے۔