نوجوانوں کے اقدامات سے موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں عالمی و قومی بیانیہ تبدیل ہو رہا ہے۔ رومینہ خورشید

اسلام آباد(نیوز رپورٹر)وزیر اعظم کی معاون برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم نے قومی یوتھ ماحولیاتی کانفرنس سے خطاب میں موسمیاتی بحران کے حل کے لیے نوجوانوں کے کردار کی اہمیت پر زور دیا ھے اور کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے شدید متاثر ہو رہا ہے، اور اس بحران کا مقابلہ کرنے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے،انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی صرف ماحولیاتی مسئلہ نہیں بلکہ یہ ایک بڑا ترقیاتی چیلنج بھی ہے، جس کا اثر ملک کی اقتصادی اور سماجی ترقی پر بھی پڑ رہا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اقدامات سے نہ صرف موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں عالمی اور قومی بیانیہ میں تبدیلی آ رہی ہے، بلکہ نوجوان نسل موسمیاتی بحران سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے،رومینہ خورشید عالم نے وزیر اعظم کی قیادت میں پاکستان کی طرف سے موسمیاتی تبدیلی کی چیلنجز سے نمٹنے کے عزم کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ حکومت عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے بچاؤ کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔

پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے کے لیے عالمی سطح پر اہم اقدامات اٹھا رہا ہے اور موسمیاتی پالیسی کے تحت اس مسئلے کا حل نکالنے کی کوشش کر رہا ہے،
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے نوجوانوں کی آگاہی بڑھانا بہت ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں کو چاہیے کہ وہ نوجوانوں میں موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں آگاہی پیدا کریں تاکہ یہ نئی نسل اس بحران کے حل میں اہم کردار ادا کر سکے ،رومینہ خورشید عالم نے مزید کہا کہ موسمیاتی بحران کا سامنا کرنے کے لیے نوجوانوں کی مدد اور ان کی قیادت انتہائی اہم ہے، کیونکہ یہ وہ نسل ہے جو آنے والے وقت میں موسمیاتی چیلنجز کا حل نکالنے میں سب سے زیادہ مؤثر ثابت ہو سکتی ہے ،رومینہ خورشید عالم نے نوجوانوں کو اس بات کی ترغیب دی کہ وہ نہ صرف اپنے معاشروں میں موسمیاتی آگاہی پیدا کریں بلکہ اس حوالے سے عملی اقدامات بھی اٹھائیں تاکہ پاکستان کے موسمیاتی بحران کا مؤثر حل نکالا جا سکے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے حکومت اور تعلیمی اداروں پر زور دیا کہ وہ نوجوانوں کی موسمیاتی آگاہی بڑھانے کے لیے مزید اقدامات کریں تاکہ ایک مستحکم اور پائیدار مستقبل کی طرف قدم بڑھایا جا سکے۔