اسلام آباد(نیوز رپورٹر)وائس چیئرمین کنسٹرکٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کیپ انجنئیر اظہر الاسلام نے کہا ہے کہ ہاؤسنگ سیکٹر ٹاسک فورس کی تجاویز اس سیکٹر کی روانی کیلئے بہترین ہیں ان پر حکومتی عملی اقدامات کی ضرورت ہے،ایڈوانس ٹیکسز میں کمی اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کے خاتمے سے فروخت کنندگان اور خریدار دونوں کو فائیدہ ہوگا جس سے اس سیکٹر میں سرمایہ کاری کا دوبارہ سے رحجان پیدا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حکومت بینکوں کو تعمیراتی شعبے کو ترجیحی شعبہ قرار دینے کی حوصلہ افزائی کرے، جس سے وسیع تر اقتصادی ترقی کو فروغ ملے گا یہ اقدامات نہ صرف معیشت کی بحالی کی راہ ہموار کریں گے بلکہ پاکستان کے ہاؤسنگ سیکٹر کی مکمل صلاحیت کو بروئے کار لانے میں بھی معاون ثابت ہوں گے۔