اسلام آباد۔صدر سٹاپ برین ڈرین و چیئرمین لیک شور سٹی سید سادات حسین شاہ نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستان ہر قیمت پر کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ کشمیر کا مسئلہ صرف ایک علاقائی تنازعہ نہیں بلکہ ایک انسانی حقوق کا مسئلہ ہے جسے عالمی سطح پر حل کرنے کی ضرورت ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کا کیک کاٹتے ہوئے کیا۔سید سادات حسین شاہ نے کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی اور ان کے حق خودارادیت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حقوق کی حمایت میں ہر فورم پر آواز اٹھاتا رہے گا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حقوق کے لیے ہر سطح پر جدوجہد جاری رکھے گا پاکستان کا کشمیر کے حوالے سے موقف ہمیشہ مضبوط رہے گا اور جب تک کشمیری عوام کو ان کے حقوق نہیں مل جاتے پاکستان ان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔تقریب کے دوران ایک کیک کاٹا گیا جس میں لیک شور سٹی کے تمام اسٹاف نے شرکت کی اور کشمیری عوام کے ساتھ اپنے بھرپور اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔