اسلام آباد(نیوز رپورٹر)پھیپھڑوں کی بیماری میں مبتلا ضلع کرم کے رہائشی11 سالہ بچے حسنین کے چچا علی رحمان نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور سے اپیل کی ہے کہ وہ بچے کے علاج کیلئے کیا جانیوالا اپنا وعدہ پورا کریں،حسنین کا علاج بھارتی شہر بنگلور کے ہسپتال میں ہونا ہے جس کیلئے اسکے ویزے کی مدت دو ماہ رہ گئی ہے، نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں متاثرہ بچے حسنین اور کرم کے سماجی کارکن اور صحافی احسان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے علی رحمان کا مزید کہنا تھا کہ تقریبا” سات ماہ قبل حسنین اوربٹ گرام کے رہائشی معاذ جانی کی بیماری کے حوالے سے سوشل میڈیا کے ذریعے وزیر اعلیٰ کے پی کو پتہ چلا جس کے بعد انہوں نے متاثرہ بچوں کے والدین سے رابطہ کیا اور اسکے علاج کا مکمل خرچہ اٹھانے کا وعدہ کیا.
متاثرہ بچوں کی بیماری کا علاج چونکہ پاکستان میں ممکن نہیں ہے لہذاٰ اسکے لئے بھارتی شہر بنگلور میں واقع ہسپتال سے رابطہ کیا اور اور اسکے ویزہ کے حصول کیلئے کافی تردد کے بعد ویزہ حاصل ہوا ، اسی دوران بٹگرام کے رہائشی بچے معاذ جانی کا بیماری کے باعث انتقال ہو گیا ہے، ہم نے وزیراعلیٰ ہاؤس سے بار بار رابطہ کیا گیامگر انکی طرف سے کوئی بھی تسلی بخش جواب نہیں دیا گیا جبکہ ویزہ کی مدت صرف دو ماہ رہ گئی ہے، انہوں نے مزید بتایا کہ بچے کے علاج پر 65 ہزار امریکن ڈالر کا خرچہ ہے جو کہ اسکے والدین جو کہ غریب گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں برداشت کرنے کے قابل نہیں ہیں،انہوں نے وزیر اعلیٰ کے پی اور پاکستان کے تمام مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ اس معصوم بچے کی جان بچانے میں آگے آئیں اور انسانی ہمدردی کے تحت بچے کے علاج میں تعاون کریں تاکہ معصوم حسنین زندگی کے حسین لمحات کو انجوائے کر سکے.