اسلام آباد ۔اسلام آباد اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے آفیشل کوآرڈینیٹر و چئیرمین یوتھ کمیٹی آئی سی سی آئی انجنئیر عثمان نواز بسرا نے کہا ہے کہ رئیل اسٹیٹ کی بحالی و ترقی کیلئے ٹاسک فورس کی تجاویز بہترین ہیں جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں،اسٹیک ہولڈرز جن میں فیڈریشن آف رئیلٹرز پاکستان کے صدر سردار طاہر سمیت ممبران نے زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے جو تجاویز پیش کی ہیں وہ قابل عمل اور معاشی بحالی کا زینہ ہیں۔ہمارا یقین ہے کہ معاشی ترقی کے لیے رئیل اسٹیٹ سیکٹر کی بحالی ناگزیر ہے،2025 رئیل اسٹیٹ کا سال ہے یہ شعبہ جس کی مالیت 2 ٹریلین ڈالر سے زیادہ ہے ملک میں روزگار اور کاروبار کے مواقع فراہم کرنے والے سب سے بڑے شراکت داروں میں سے ایک ہے۔انہوں نے کہا کہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر کی بحالی ایک لہر کا اثر پیدا کرے گی جس سے نجی اور سرکاری دونوں شعبوں کو فائدہ پہنچے گا اور جس سے سرمایہ کاری، ملازمتوں کی تخلیق، اور آمدنی پیدا کرنے کی نئی راہیں ملیں گی۔حکومت کی جانب سے رئیل اسٹیٹ مارکیٹ پر غیر معقول ٹیکس کے منفی اثرات کو تسلیم کرنا اہم پیشرفت ہےانہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اس شعبے کی بحالی پاکستان کی وسیع تر اقتصادی بحالی کے لیے اہم ہے۔
