موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے کسان ٹی وی چینل شروع کیا جائے گا: رومینہ خورشید عالم

پالیسی ساز، کاروباری ادارے، سول سوسائٹی موسمیاتی تبدیلی کے خلاف جنگ میں اپنا کردار ادا کر یں۔ رومینہ خورشید

اسلام آباد(نیوز رپورٹر)وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی، رومینہ خورشید عالم نے بریتھ پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی چیلنجز کے حل کے لئے عالمی سطح پر مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے.انہوں نے مضبوط موسمیاتی اقدامات اور سبز حل کے لئے سرمایہ کاری کی اہمیت پر زور دیا ،رومینہ خورشید نے مزید کہا کہ پاکستان کا عالمی گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے، تاہم ملک عالمی موسمیاتی بحران کا سامنا کر رہا ہے۔

انہوں نے پالیسی سازوں، کاروباری اداروں اور سول سوسائٹی سے موسمیاتی تبدیلی کے خلاف جنگ میں فعال کردار ادا کرنے کی اپیل کی ،رومینہ خورشید کا کہنا تھا کہ موسمیاتی مالی معاونت، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور صلاحیت سازی ضروری ہیں، اور موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عالمی شراکت داری کا کردار بہت اہم ہے ،انہوں نے یہ بھی کہا کہ صوبائی سطح پر موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے حوصلہ افزا اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ پنجاب موسمیاتی تبدیلی اور پائیدار شہری منصوبہ بندی میں پیش پیش ہے، جبکہ خیبر پختونخوا کی جنگلات کی افزائش اور حفاظت قابلِ ستائش ہے.