اسلام آباد (کرائم رپورٹر )ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد محمد شعیب خان کی پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں پریس کانفرنس، چار متحرک کار چورگروہوں کے 12ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے 20چوری شدہ گاڑیاں برآمد کر لیں،گرفتار ملزمان گاڑیوں کی عینک والے شیشے توڑ کر اور ماسٹر چابیوں کے ذریعے چوری کی وارداتیں کرتے تھے، سینئر سپر ٹینڈنٹ آف پولیس آپریشنز اسلام آباد محمد شعیب خان نے پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں پریس کانفرنس کی،اس موقع پر ایس پی انوسٹی گیشنز رخسار مہدی اور دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے،ایس ایس پی آپریشنز نے کہا کہ اسلام آباد پولیس اینٹی وہیکل لفٹنگ یونٹ پولیس ٹیموں نے موثر کارروائیوں کے دوران چار متحرک کا ر چور گروہوں کے 12ملزمان کو گرفتار کیا.
گرفتار ملزمان کی شناخت محمد جنید،نعمان،عبدالرحمان،حمزہ اقبال،بابر خان،ارسلان،محمد جبران،محمد لقمان، محمد فیاض،شفقت علی ،ارسلان انوراور نعمان گلزارکے ناموں سے ہوئی ہیں،ملزمان کے قبضہ سے مختلف ماڈلز کی 20چوری شدہ گاڑیاں بھی برآمد کی گئیں،ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد نے کہاکہ پولیس ٹیموں نے ملزمان کی گرفتاری کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال ،سابقہ ریکارڈکے ساتھ سرپرائز ناکہ جات اور ڈیکائے آپریشنز کئے گئے،ملزمان گاڑیوں کی عینک والے شیشے توڑ کر اور ماسٹر چابیوں کے ذریعے چوری کی واردات سر انجام دیتے تھے اور ڈاﺅن ماڈل کی کرولا، مہران، خیبر، بولان اور کلٹس گاڑیاں چرالیتے تھے ،انہوں نے مزید کہا کہ گرفتار ملزمان کو ٹھوس شوائد کے ساتھ چالان کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی،اسلام آباد پولیس کارچوری کی سدباب کے لئے ایکٹو ہے،اسلام آباد میں قبضہ اور بدمعاشی کسی صورت نہیں ہونے دیں گے ،اس موقع پر ایس ایس پی آپریشنز نے گاڑیوں کی چابیاں ان کے اصل مالکان کے حوالے کیں،گاڑیوں کے مالکان نے اسلام آباد پولیس کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا