اسلام آباد ( سپیشل رپورٹر)پاکستان کے سب سے بڑے مشہور حبیب بنک کا سرور گزشتہ 2 روز سے ڈاؤن ہونے کا انکشاف ،صارفین کی جانب سے رقوم بجھواتے ہی ان کی رسیدیں سامنے آجاتی ہیں لیکن متعلقہ بندے کو پیسے نہیں پہنچتے اور نہ ہی بنک کی جانب سے کوئی ایس ایم ایس موصول ہوتا ہے جس کی وجہ سے لاکھوں کی تعداد میں حبیب بنک کے اکاؤنٹ ہولڈرز کو شدید ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ذرائع کے مطابق ملک بھر سمیت جڑواں شہروں میں بنک کی برانچوں پر آئے روز جھگڑے معمول بنتے جارہے ہیں۔بنک افسران نے سرور ڈاؤن کی شکایت مرکزی آفس میں کر دی تاہم دو دن گزرنے کے باوجود ابھی تک ٹھیک نہیں ہوسکا۔بنک کے ایک ذمہ دار افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ پہلے بھی کئی بار سرور ڈاؤن ہو چکا ہے.
اور مرکزی بنک کو اس کی اطلاع دی جاچکی تھی۔ذرائع کے مطابق سیکڑوں شہریوں نے کئی اہم کاروباری مراکز میں آن لائن شاپنگ کی۔سامان خریدنے کے بعد جب کاؤنٹر پر اے ٹی ایم یا ڈیبیٹ کارڈ دیا جاتا ہے تو رقم منتقل نہیں ہوتی جبکہ بنک اس حوالے سے ریسیو کی رسید جاری کردیتا ہے ۔ذرائع کے مطابق ایک سروے کے دوران شہریوں نے پٹرول پمپ سے پٹرول ڈلوایا یا شاپنگ سینٹر سے خریداری کی جب اے ٹی ایم دیا گیا تو بینک کی جانب سے رقم منتقلی کی رسید تو بن جاتی ہے لیکن رقم منتقل نہیں ہوتی جس وجہ سے راولپنڈی اسلام اباد میں شہریوں میں دو دو دنوں سے مشکلات میں گرے ہوئے صارفین رانا فرخ ،خالد،محمد احسان،رضوان، عمران، شفیق اور اشرف نے بتایا کہ حبیب بینک انتظامیہ کے ناقص سسٹم کی وجہ سے شہری شدید مشکلات کا سامنا ہے انہوں نے ایچ پی ایل انتظامیہ کے مطالبہ کیا ہے کہ اس سسٹم کو فوری طور پر ٹھیک کیا جائے.