اسلام آباد(نیوز رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد دی ہے،پی ایف یو جے کے عہدیداروں کے انتخابات آج اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب میں منعقد ہوئے۔ ان انتخابات میں افضال بٹ صدر اور ارشد انصاری سیکرٹری جنرل منتخب ہوئے۔ پی ایف یو جے کی مختلف عہدوں کے لیے بھی انتخابات منعقد ہوئے، جن میں ایگزیکٹو باڈی کی 25 نشستیں شامل ہیں ،چیئرمین پیپلز پارٹی نے صدر منتخب ہونے والے افضال بٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کے صحافیوں کے نمائندے کے طور پر کامیاب امیدواروں کا انتخاب اس بات کا ثبوت ہے کہ صحافتی برادری ان پر اعتماد کرتی ہے۔ ان پر عائد ہونے والی یہ اہم ذمہ داری تقاضا کرتی ہے کہ وہ پوری لگن اور جوش و خروش کے ساتھ صحافتی برادری کی خدمت کریں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جمہوریت کی کامیابی کے لیے ایک متحرک اور آزاد میڈیا ناگزیر ہے۔ پیپلز پارٹی نے اپنے بانی قائد شہید ذوالفقار علی بھٹو کے دور سے ہی صحافی برادری کی حمایت کی ہے۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے بھی ہمیشہ صحافیوں کے حقوق کے لیے آواز بلند کی، چاہے وہ حکومت میں ہوں یا اپوزیشن میں۔ پیپلز پارٹی آج بھی صحافیوں کے حقوق کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑی ہے،چیئرمین پیپلز پارٹی نے امید ظاہر کی کہ پی ایف یو جے کا نو منتخب عہدیداروں کا یہ پینل صحافیوں کے حقوق کے لیے کام جاری رکھے گا اور جمہوریت کے استحکام میں اپنا کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے ایک بار پھر پی ایف یو جے کے تمام نو منتخب عہدیداروں کو دلی مبارکباد پیش کی.