اسلام آباد(نیوز رپورٹر)وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ وثقافت اورنگزیب خان کھچی نے نیشنل پریس کلب کے نئے منتخب عہدیداران اظہر جتوئی کو صدر، نیئر علی کو سیکریٹری، وقار عباسی کو سیکریٹری خزانہ منتخب ہونے پر مبارکباد دی، انہوں نے دیگر نومنتخب عہدیداران کو بھی مبارکباد دی اور نیک تمناﺅں کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نےکہا کہ حکومت آزادی صحافت اور آزادی اظہار رائے پر کامل یقین رکھتی ہے، صحافی برادری ملک کا اہم ستون ہے۔ انہوں کہا کہ نیشنل پریس کلب کے الیکشن میں نومنتخب عہدیداران کی کامیابی ان پر صحافی برادری کے بھرپور اعتماد کا مظہر ہے۔
وفاقی وزیر نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد کی نومنتخب قیادت میڈیا کی ترقی اور صحافتی برادری کے اعتماد پر پورا اترنے اور ان کے مسائل کو حل کرنےکےلیے اپنی تمام ترصلاحیتوں کو بروئے کار لائے گی۔انہوں نےکہا کہ پریس کلب ایک ایسا ادارہ ہے جو صحافیوں کےحقوق، آزادی اظہار رائے اور پیشہ ورانہ ترقی کیلئے نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صحافیوں کے مسائل کےحل ان کی پیشہ ورانہ استعداد کار میں اضافے اور آزادی صحافت کے فروغ کےلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی اور وہ پریس کلب اسلام آباد کی نومنتخب قیادت کی کامیابیوں اور کامرانیوں کیلئے دعا گو ہیں۔