کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کا اسلام آباد میں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف سخت ایکشن

اسلام آباد(نیوز رپورٹر)کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے بلڈنگ کنٹرول سیکشن نے چیرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر اسلام آباد شہر میں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف قانون کے مطابق کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے، عوامی سہولت اور شہری منصوبہ بندی کے اصولوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں ، سی ڈی اے نے آپریشن کے دوران ایف-10 مرکز میں 29 غیر قانونی ورکشاپس کے خلاف کارروائی کی، جو بڑے پیمانے پر سرکاری زمین پر قابض تھے۔ ان غیر قانونی کاروباری سرگرمیوں کی وجہ سے مین لنک روڈ پر رکاوٹیں پیدا ہو رہی تھیں، ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہو رہی تھی، عوامی پارکنگ میں مشکلات پیش آ رہی تھیں، اور شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا تھا۔ اس آپریشن کا مقصد علاقے کے اصل ڈیزائن کو بحال کرنا اور ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانا ہے۔

مزید برآں، سی ڈی اے کے بلڈنگ کنٹرول سیکشن نے ایف-7 مرکز میں چھتوں پر کی گئی غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بھی کارروائی کی۔ پلاٹ نمبر 1-D اور پلاٹ نمبر 13-Y پر موجود غیر قانونی ڈھانچے کو مسمار کر دیا گیا اور مزید تعمیراتی سرگرمیوں کو روک دیا گیا تاکہ مستقبل میں مزید خلاف ورزیوں سے بچا جا سکے، سی ڈی اے اسلام آباد میں بلڈنگ کنٹرول ریگولیشنز کے مؤثر نفاذ کے لیے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف سخت ایکشن جاری رکھے گا۔ یہ اقدامات شہر کے ماسٹر پلان کے تحفظ، عوامی مقامات کی بحالی اور ایک منظم شہری ماحول کے قیام کے لیے کیے جا رہے ہیں۔ سی ڈی اے تمام کاروباری اداروں اور جائیداد مالکان سے اپیل کرتا ہے کہ وہ بلڈنگ قوانین کی پابندی کریں تاکہ قانونی کارروائی سے بچ سکیں اور شہر کی پائیدار ترقی میں اپنا کردار ادا کریں.