اسلام آباد(نیوز رپورٹر)راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس نے ماہ رمضان المبارک کے باوجود تنخواہیں نہ دینے والے صحافتی اداروں کے ذمہ داروں کو متنبہ کیا ہے کہ اگر دو دن کے اندر اندر ملازمین کو تنخواہیں ادا نہ کی گئیں تو ان کے دفتر کا گھیراؤ کیا جائے گا۔احتجاجی کیمپ لگا کر دھرنا دیا جائے گا ۔راولپنڈی اسلام اباد یونین اف جرنلسٹس کے صدر طارق علی ورک جنرل سیکرٹری آصف بشیر چوہدری و دیگر عہدیداران نے کہا ہے کہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے ورکرز کی جانب سے انتہائی دکھ اور مایوسی کے عالم میں بتایا جا رہا ہے کہ مالکان نے انہیں رمضان سے قبل بھی تنخواہ نہیں دی عید سر پر ہے.
لیکن ان کی تنخواہیں اور واجبات ادا نہیں کیے جا رہے آر آئی یو جے کے قائدین نے کہا کہ مہنگائی کے موجودہ دور میں پہلے سے ہی صحافی بہت مشکلات سے دوچار ہیں جب انہیں تنخواہیں نہیں ملیں گی تو ان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گا انہوں نے کہا کہ عید پر بعض ادارے اپنے ورکرز کو عید باؤنس بھی دیتے ہیں تاکہ ورکرز اپنی فیملی کی خوشیوں میں شریک ہوسکیں لیکن بدقسمتی سے میڈیا ہاؤسسز باؤنس تو دور کی بات اپنے ورکرز کو ان کا جائز حق ان کی ماہانہ تنخواہ بھی ادا نہیں کررہے جو کہ سراسر ظلم و زیادتی اور ناانصافی ہے ہم اپنے ورکرز کے ساتھ ہونے والے اس ظلم و ناانصافی کو کسی طور برداشت نہیں کریں گے اس لیے دو روز تک ورکرز کی تنخواہیں ادا نہ کی گئیں توپھر تنخواہیں ادا نہ کرنے والے اداروں کے سامنے احتجاجی کیمپ اور دھرنے دیئے جائیں گے .