آر ڈی اے کا آپریشن، سول لائنز ہاؤسنگ سکیم میں دو پلاٹ کا قبضہ واگزار

راولپنڈی(نیوز رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ کی ہدایت پر آر ڈی اے انفورسمنٹ سکواڈ نے شہر بھر میں جاری انسداد تجاوزات کی کوششیں تیز کر دی ہیں ، ترجمان آر ڈی اے کے مطابق انفورسمنٹ سکواڈ نے غیر قانونی تجاوزات ہٹانے کے لیے کامیابی سے آپریشن کیا، سول لائنز ہاؤسنگ سکیم میں دو پلاٹ کا قبضہ بازیاب و خالی کرالیا ہے، پلاٹ نمبر 40 جو 1 کنال اور 10 مرلہ، اور پلاٹ نمبر 3-4، جس کی پیمائش 4 مرلہ ہے ۔

یہ کارروائی آر ڈی اے کی زمین کے بہتر انتظام اور علاقے میں شہری ترقی کی سالمیت کو برقرار رکھنے کے لیے کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے اسٹیٹ مینجمنٹ ونگ آر ڈی اے کو ہدایت کی ہے کہ وہ راولپنڈی میں آر ڈی اے کے تحت آنے والے علاقوں میں بلا خوف و خطر تجاوزات کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ مینجمنٹ ونگ آر ڈی اے کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آر ڈی اے کے دائرہ اختیار میں آنے والی ہاؤسنگ سکیموں میں تجاوزات کے خلاف فوری اور فیصلہ کن کارروائی کریں۔ آپریشن کی قیادت ڈائریکٹر لینڈ غضنفر علی اعوان، ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ مسعود ارشد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ محمد شعیب خان سمیت ٹیم کے دیگر ارکان نے کی۔ ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ کی ہدایات کے مطابق، انفورسمنٹ سکواڈ راولپنڈی میں عوامی مقامات کی ہموار اور قانونی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے کارروائیاں جاری رکھے گا۔