آرڈی اے لائبریری میں کلچرل ڈے کے حوالے سے ر نگا رنگ تقریب کا انعقاد

راولپنڈی(نیوز رپورٹر)راولپنڈی ڈیویلپمنٹ اتھارٹی لائبریری، مری روڈ میں کلچرل ڈے کے حوالے سے ایک خوبصورت اور رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پنجاب کی ثقافت اور تہذیب کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا گیا۔ ترجمان آرڈی اے کے مطابق اس موقع پر ایڈیشنل ڈی جی آرڈی اے اویس منظور تارڑ سمیت دیگر آرڈی اے افسران اور ملازمین نے روایتی لباس، جن میں پگ، قمیص شلوار، پٹکا اور پنجابی جُبّا شامل تھے، زیب تن کر کے تقریب کی رونق بڑھائی۔ تقریب میں ڈھول کی تھاپ پر پنجابی ثقافت کا حسین منظر پیش کیا گیا، جسے شرکاء نے خوب سراہا۔

ایڈیشنل ڈی جی آرڈی اے اویس منظور تارڑ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پنجابی زبان، کلچر اور روایات اپنے اندر بے پناہ خوبصورتی اور گہرائی رکھتی ہیں۔ یہ ہماری پہچان، تاریخ اور تہذیبی ورثہ ہیں جنہیں اجاگر کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے شرکاء اور مہمانانِ گرامی کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں ملک کے نامور شعرا جن میں اتفاق بٹ، انجم سلیمی، قمر الزماں، جعفر انجم جٹیانہ، محمود امجد ہرل، رفعت وحید ملک، رفعت انجم، ڈاکٹر فاخرہ نورین، ماہین ملک، نویدہ مقبول بھٹی، جہانگیر عمران، شکور احسن، فیصل عرفان کے علاوہ آرڈی اے کے افسران خواجہ ارشد جاوید، افتخار علی اور عاطف محمود چوہدری نے شرکت کی اور اپنے کلام سے مشاعرہ کی محفل کو چار چاند لگا دیے۔

ڈی جی آرڈی اے کنزہ مرتضی نے کہا پنجاب دریاؤں، پھولوں، محبتوں اور زندہ دلی کی سرزمین ہے۔ پنجابی زبان، ماہیے، ہیر وارث شاہ، اور بھنگڑا ہماری عظیم ثقافت کی نمائندگی کرتے ہیں۔ ہمیں اپنی تہذیب کو زندہ رکھنا ہے تاکہ آنے والی نسلیں بھی اس سے روشناس رہیں۔ یہ تقریب نہ صرف پنجاب کی ثقافت کے فروغ کا ذریعہ بنی بلکہ رواداری، بھائی چارے اور مقامی ثقافتی اقدار کے فروغ میں بھی ایک اہم قدم ثابت ہوئی۔