پاکستان سنگل ونڈو کا فارماسیوٹیکل مصنوعات کی برآمدات کے لیے ڈیجیٹل سی او پی پی سرٹیفکیٹ کا اجرا

اسلام آباد(نیوز رپورٹر)پاکستان سنگل ونڈو (PSW) نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (DRAP) کے تعاون سے فارماسیوٹیکل مصنوعات کی برآمد کے لیے درکار ڈیجیٹل سرٹیفکیٹ آف فارماسیوٹیکل پراڈکٹ (COPP) کا اجرا کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ اب ڈیجیٹل پلیٹ فارم سے فری سیل سرٹیفکیٹ، گڈ مینوفیکچرنگ پریکٹس (GMP) سرٹیفکیٹ اور برآمدات کے لیے این او سی بھی حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
یہ اقدام برآمدی عمل کو تیز، شفاف اور بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ PSW پلیٹ فارم کے ذریعے جاری کیے جانے والے تمام سرٹیفکیٹس محفوظ، ڈیجیٹل طور پر قابلِ تصدیق اور QR کوڈ کے ساتھ فراہم کیے جاتے ہیں تاکہ ان کی فوری جانچ ممکن ہو۔

ڈیجیٹل سرٹیفکیٹس سے نہ صرف کاغذی کارروائیوں میں کمی آئے گی بلکہ پاکستان کی فارماسیوٹیکل برآمدات میں اعتماد اور شفافیت بھی بڑھے گی، خاص طور پر یورپی یونین اور امریکہ جیسے سخت قوانین والے ممالک میں۔
مالی سال 2023-24 میں پاکستان کی فارماسیوٹیکل برآمدات تقریباً 341 ملین ڈالر تک پہنچیں، جو گزشتہ سال کی نسبت 3.90 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہیں ،
پاکستان سنگل ونڈو کے سی ای او، افتاب حیدر نے کہا:
“ہمیں خوشی ہے کہ ہم نے ڈیجیٹل سی او پی پی کا اجرا کیا ہے جو ہماری صنعت کو عالمی معیار کے مطابق بنائے گا اور برآمدات میں اضافہ کرے گا۔ یہ اقدام وزیراعظم کے وژن ‘ڈیجیٹل پاکستان’ کی تکمیل کی جانب ایک اہم قدم ہے۔”

DRAP کے سی ای او، ڈاکٹر عبیداللہ ملک نے کہا:
“یہ اقدام ہماری ریگولیٹری پریکٹسز کو جدید بنانے اور برآمد کنندگان کو بین الاقوامی تقاضے پورے کرنے میں آسانی فراہم کرے گا۔ اس سے معیاری ادویات کی بروقت فراہمی ممکن ہو گی اور عالمی منڈیوں میں پاکستان کا اعتماد بڑھے گا۔”
یہ اقدام پاکستان میں ریگولیٹری نظام کو ڈیجیٹل بنانے، کام کے طریقہ کار کو مؤثر بنانے اور برآمدی ترقی کو فروغ دینے کی قومی حکمتِ عملی کا حصہ ہے.