احمد حسن رانجھا کی جانب سے بیوٹیفیکیشن،ہارٹیکلچر اور دیگر مرمتی کاموں کا تفصیلی جائزہ

راولپنڈی(نیوز رپورٹر)پی ایچ اے راولپنڈی کی جانب سے فیض آباد انٹرچینج کی بیوٹیفیکیشن کے حوالے سے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں،اس حوالے سے رنگ برنگے موسمی پھولوں سے سجاوٹ،خوبصورت پلانٹرز کی تنصیب اور دیواروں پر خوبصورت ڈیزائن کی کشیدہ کاری کی گئی ہے،ہارٹیکلچر کے حوالے سے بھی شاندار اقدامات کئے گئے ہیں.

اسی حوالے سے ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے)راولپنڈی احمد حسن رانجھا نے فیض آباد انٹرچینج کا خصوصی دورہ کیا، ہارٹیکلچر،سجاوٹ اور موسمی پھولوں کی تزین وآرائش کا جائزہ لیا،
اس موقع پر انہوں نے متعلقہ عملے کو صفائی،سجاوٹ اور ہارٹیکلچر کے کام میں مزید نکھار لانے کے حوالے سے خصوصی ہدایت بھی دیں، ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے راولپنڈی احمد حسن رانجھا نے عوام کے لئے شہر کے ماحول کو خوبصورت اور سرسبز بنانے کے لئے نظام مزید بہتر بنانے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی کو پنجاب کا سب سے خوبصورت اور سرسبز شہر بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں،عوام کو بہترین تفریح کی سہولیات کی فراہمی پی ایچ اے کی ذمہ داری ہے .

اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،انہوں نے عملے کو ہدایت کی کہ شہر کی گرین بیلٹس پر سرسبز پودوں اور رنگ برنگے پھولوں کی نگہداشت کے انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے،
احمد حسن رانجھا نے کہا کہ راولپنڈی کو سرسبز بنانا،عوام کو بہترین تفریحی سہولیات کی فراہمی اور صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا پی ایچ اے کا عزم ہے، اس حوالے سے عوام کے تعاون کے بھی خواہاں ہیں.