اسلام آباد (نیوز رپورٹر)چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے پارک انکلیو ون، ٹو اور تھری کا اچانک دورہ کیا۔ ممبر ایڈمن، ممبر فنانس، ممبر پلاننگ، ممبر انوائرمنٹ، ممبر اسٹیٹ، ڈی جی انفورسمنٹ، ڈی جی ورکس، ڈی جی انوائرمنٹ، ڈی جی سینی ٹیشن ، پراجیکٹ ڈائریکٹر پارک انکلیو، اسلام آباد انتظامیہ کے اعلیٰ افسران سمیت سی ڈی اے کے دیگر متعلقہ افسران بھی انکے ہمراہ تھے ، چیئرمین سی ڈی اے نے پارک انکلیو ون، ٹو اور تھری موقع پر ہونے والی ڈویلپمنٹ، بیوٹیفکیشن، سینی ٹیشن، روڈ انفراسٹرکچر، سیوریج کا نظام اور پانی کی فراہمی کے بارے میں نہ صرف ذاتی طور پر دورہ کے دوران جائزہ لیا بلکہ پارک انکلیو کے رہائشیوں سے بھی انکے مسائل کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ وہ نہ صرف باقاعدگی کے ساتھ پارک انکلیو میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کا خود دورہ کرکے جائزہ لیں گے بلکہ انکے حل کیلئے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پارک انکلیو کے مین گیٹ کو مزید جدید اور خوبصورت بنانے کے علاوہ، روڈز کی اپ گریڈیشن، پارکس کی اپ گریڈیشن، پلے گراؤنڈ اور تفریحی سہولیات کی فراہمی کے علاوہ لائٹس کے نظام میں بہتری لاتے ہوئے پارک انکلیو کی خوبصورتی، ترقی خصوصاً شاہرات کی اپ لفٹنگ، اپ گریڈیشن کے علاوہ پارک انکلیو میں سیوریج کے نظام کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پارک انکلیو میں ہر طرح کی تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کو فوری طور پر قانون کے مطابق مسمار کرتے ہوئے غیر قانونی قابضین سے سی ڈی اے کی اراضی کو واگزار کروایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پارک انکلیو سی ڈی اے کا ایک لینڈ مارک پراجیکٹ ہے جسکو کامیاب بنانے کیلئے سی ڈی اے تمام وسائل بروئے کار لائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پارک انکلیو ون، ٹو اور تھری میں ڈویلپڈ پلاٹس پر سائن بورڈز نصب کرکے پلاٹس نمبرز، سٹریٹس کے نام نمایاں طور پور پر آویزاں کئے جائیں۔ انہوں نے انوائرمنٹ ونگ کو پارک انکلیو میں باقاعدگی کے ساتھ دیدہ زیب، خوبصورت لینڈ سکیپنگ، بیوٹیفکیشن سمیت ماحول دوست پودے لگانے، پارکس کی حالت کو مزید بہتر کرنے کے علاوہ پارک انکلیو کے رہائشیوں کے بچوں کی تفریحی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ پلے گراؤنڈ بنانے اور ان میں جھولے وغیرہ لگانے کی ہدایت کی ، چیئرمین سی ڈی اے کو پارک انکلیو فیز ٹو کے ترقیاتی کاموں کی تکمیل کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفننگ دی گئی انہیں بتایا گیا کہ پارک انکلیو فیز ٹو میں 75 فیصد سے زائد پلاٹس کے مالکان کو قبضہ دے دیا گیا ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے کو پارک انکلیو فیز تھری کے ترقیاتی کاموں پر بھی بریفننگ دی گئی۔ بریفننگ دیتے ہوئے انہیں بتایا گیا کہ پارک انکلیو فیز تھری میں بجلی کی تنصیبات کا کام دو ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا. اسی طرح بجلی کے پولز سمیت سٹریٹ لائٹس کی تنصیب کیلئے جلد ہی ٹینڈرز اخبارات میں شائع کردئیے جائیں گے۔ بریفننگ دیتے ہوئے انہیں مزید بتایا گیا کہ پارک انکلیو میں سول ورک تکمیلی مراحل میں داخل ہوچکا ہے جسکو جلد ہی مکمل کرلیا جائے گا ، چیئرمین سی ڈی اے نے پارک انکلیو فیز ون، ٹو اور تھری کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کرنے کیلئے متعلقہ افسران کو دورہ کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پارک انکلیو کے ترقیاتی کاموں کو مکمل کرنے کیلئے فنانس ونگ فنڈز کی فوری فراہمی کو یقینی بنائے. چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ پارک انکلیو فیز تھری کے باؤنڈری والز کی تعمیر کے کام کا جلد آغاز کیا جائے اور پارک انکلیو میں بنیادی سہولیات کو فوری فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ رہائشیوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے پارک انکلیو میں سکول پلاٹس سمیت دیگر ایمینٹی پلاٹس سی ڈی اے کے قواعد و ضوابط کے مطابق متعارف کروائے جائیں.