اسلام آباد (نیوز رپورٹر)یوم مئی کے موقع پر نیشنل انڈسٹریل ریلیشن کمیشن،انٹرنیشنل لیبرآرگنائزیشن اور وزارت اوورسیزپاکستانیز کے تعاون سے سہ فریقی لیبرکانفرنس کا انعقادکیا گیا جس میں جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان جمال خان مندوخیل،پشاورہائی کورٹ کے جسٹس سید عتیق شاہ،جسٹس جوادحسن،جسٹس راجہ سعید اکرم،چیئرمین نیشنل انڈسٹریل ریلیشن کمیشن شوکت عزیزصدیقی،وفاقی وزیر برائے سمندرپارپاکستانیزچوہدری سالک حسین،بیرسٹرظفراللہ خان، وفاقی وزیربرائے قانون اعظم نذیر تارڑ،وزیر مملکت برائے سمندرپارپاکستانیزعون چوہدری،وفاقی سیکرٹری ڈاکٹرارشدمحمود،آئی ایل اوکے کنٹری ڈائریکٹرمسٹرگیئرتھامس ٹانسول،سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری سلمان منصورصدیقی،عمران شفیق ایڈووکیٹ سپریم کورٹ،مزدوررہنماء خورشید احمد،پاکستان ورکرزفیڈریشن کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین،نیشنل لیبرفیڈریشن کے شمس الرحمان سواتی،لیاقت علی ساہی،سلطان محمد خان،مشرف ہمایوں،سید عطااللہ شاہ،منیراختر بٹ سمیت آجروں کے نمائندگان اور مزدوروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی .
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس جمال خان مندوخیل،چیئرمین این آئی آرسی شوکت عزیز صدیقی و دیگرنے کہا کہ آج کے دن ہم نے آجراورورکروں کو ایک چھت تلے اکٹھا کر دیا ہے جس کا مقصد ملازمین کے جائز حقوق کا تحفظ ہے اور اس حوالے سے اعلیٰ عدلیہ سمیت دیگرادارے اپنا کرداراداکرتے رہیں گے،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان ورکرز فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یسین نے کہا کہ یوم مئی کے موقع پرسہ فریقی کانفرنس منعقد کرانے پر چیئرمین این آئی آر سی جسٹس شوکت عزیز صدیقی کا شکریہ ادا کرتے ہیں،آج کے دور میں مزدور سخت مشکلات کا شکار ہے اس حوالے سے آجر اور مزدور کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت ہے،تقریب سےخطاب کرتے ہوۓوفاقی وزیر برائے سمندرپارپاکستانیزچوہدری سالک حسین نے کہا کہ یوم مئی تجدید عہد کا دن ہے اور مزدورکا کسی بھی ملک کی معیشت میں اہم کردارہے اس حوالے موجودہ حکومت مزدوروں کے حقوق کے لیے پرعزم ہے،موجودہ ملکی حالات نے مزدورطبقے کو متاثرکیا ہے اس حوالے سے حکومت نے ورکرزویلفیئرفنڈ کے تحت حج پر جانے والے ملازمین کی تعداد دس سے بڑھا کر پندرہ کر دی ہے اور امسال پندرہ ورکرزحج کی سعادت حاصل کریں گے،جہیزگرانٹ کی رقم چارلاکھ سے بڑھا کر پانچ لاکھ اور ڈیتھ گرانٹ آٹھ لاکھ سے بڑھا کر دس لاکھ روپے کر دی گئی ہے.
ای اوبی آئی پنشن میں پندرہ فی صداضافے کی سمری کابینہ کو بھیجوادی ہے جو کہ جلد منظورہو جائے گی،چوہدری سالک حسین نے کہا کہ ان تمام اقدامات کا مقصدورکروں کی زندگی کو آسان بنانا ہے اورہمیں مستقل مزاجی سے کام کرناہو گا،حکومت پاکستان افرادی قوت کو بین الاقوامی معیارکے مطابق بنانے کے لیے منصوبے شروع کر چکی ہے جس سے بیرون ملک روزگارکے بے پناہ مواقع میسرآئیں گے،ہم آئی ایل اوکے کنونشز پر عمل درآمدکرنے کے لیے پرعزم ہیں اس حوالے سے چیئرمین این آئی آرسی کا کرداراہم رہا ہے جس پر ہم انھیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور ان کو اپنی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہیں،پروگرام کے اختتام پر تمام مہمانوں میں شیلڈزپیش کی گئیں۔