راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس 3 مئی کو عالمی یوم صحافت اس عزم کے ساتھ منا رہی ہے

اسلام آباد (نیوز رپورٹر)راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس 3 مئی کو عالمی یوم صحافت اس عزم کے ساتھ منا رہی ہے کہ آزادی صحافت پر کوئی قدغن قبول نہیں کی جائے گی۔ اس سلسلہ میں آج دو بجے دوپہر نیشنل پریس کلب میں آر آئی یو جے ،نیشنل پریس کلب ،پارلیمنتیرین کمیشن فار ہیومن رائٹس اور میڈیا میٹرز کے اشتراک سے آزادی صحافت سیمینار ہو گا ،اس میں متعدد وفاقی وزراء ،ارکان پارلیمنٹ،سیئر صحافی ،وکلاء اور مزدوروں کے نمائندگان شرکت کریں گے۔

اس موقع پر صحافیوں کا تحفظ یقینی بنانے کے لئے “میڈیا الرٹ ایپ” بھی لانچ کی جائے گی۔عالمی یوم صحافت پر اپنے پیغام میں آر آئی یو جے کے صدر طارق علی ورک نے کہا ہے کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جہاں صحافی غیر محفوظ ہیں اور آزادی صحافت کے لئے خطرات بڑھتے جا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پیکا ایکٹ جیسے قوانین صحافت اور جمہوریت دونوں کے لئے خطرہ ہیں ،آر آئی یو جے اور پی ایف یو جے کالے قوانین کے خلاف جدوجہد جاری رکھے گی۔صحافتی اداروں کے کیمروں کی انشورنس ہوتی ہے لیکن ان کے پیچھے کھڑے ہونے والے کیمرہ مین کی انشورنس نہیں ہے۔۔آر آئی یو جے کے قائم مقام سیکرٹری جنرل گلزار خان کا کہنا ہے کہ آج کے دن کا تقاضہ ہے کہ صحافی اپنے حقوق کے لئے متحد ہو جائیں ۔