اسلام آباد (نیوز رپورٹر)فروٹ مارکیٹ کے وسیع رقبہ پر ناٹکو و دیگر غیر قانونی قابضین کے خلاف تاجر برادری کا احتجاج۔ ہول سیل فروٹ مارکیٹ کی تاجر برادری نے مارکیٹ کے وسیع رقبہ پر عرصہ دراز سے قابض ناردرن ایریا ٹرانسپورٹ کمپنی اور دیگر قبضہ مافیا کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مارکیٹ کے ممبران نے بڑی تعداد میں مظاھرہ میں شرکت کی۔ اس موقع پر مارکیٹ کے صدر بابو علیم اور جنرل سیکریٹری طاھر ایوب نے مارکیٹ کمیٹی اور سی ڈی اے سے مطالبہ کیا کہ فروٹ مارکیٹ کی تاجر برادری ان قبضوں کیوجہ سے سخت پریشان ھے اور مال اتارنے کی جگہ کم ھے.
لہذا یہ جگہیں فوری طور پر واگزار کروائی جائیں تا کہ فروٹ کا کام کرنے والے آڑھتی حضرات باعزت طریقہ سے اپنا کاروبار کر سکیں۔ اس موقع پر چیئرمین مارکیٹ کمیٹی ساجد عباسی بھی آگئے اور تاجر برادری کو یقین دلایا کہ وہ تاجر برادری کے مسائل حل کرنے کے سلسلہ میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ھیں اور انہوں نے اس موقع پر ناردرن ایریا ٹرانسپورٹ کمپنی کو دو دن کا وقت دیا کہ اپنی حدود کے اندر چلے جائیں اور فروٹ مارکیٹ کی حدود پر کیا گیا قبضہ ختم کریں۔ مارکیٹ کے ممبران نے اپنی ایسوسیئشن اور چیئرمین مارکیٹ کمیٹی کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ مارکیٹ کی فلاح و بہبود کے اقدامات میں وہ اپنا بھر ساتھ دیں گے.