کیپیٹل اسپتال، سی ڈی اے نے دوسری پاکستان اوبیسٹی ویک کا شاندار آغاز . محمد علی رندھاوا

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)کیپیٹل اسپتال، سی ڈی اے نے دوسری پاکستان اوبیسٹی ویک کا شاندار آغاز کیا، جس کا سب سے نمایاں پہلو ملک کی پہلی روبوٹک بیریاٹرک سرجری ورکشاپ تھی۔ اس تاریخی تقریب کا افتتاح چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا، ممبر ایڈمنسٹریشن طلعت محمود، اور ممبر اسٹیٹ اسفندیار بلوچ نے کیا۔تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ سی ڈی اے اسلام آباد کے شہریوں اور اپنے ملازمین کو اعلیٰ معیار کی طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر نعیم تاج کی قیادت میں اسپتال کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اُن کی شمولیت کے دن سے ہی میں نے اُنہیں ہر ممکن مالی و تکنیکی معاونت کی یقین دہانی کرائی تھی۔

انہوں نے کہا کہ روبوٹک بیریاٹرک سرجری کا آغاز پاکستان میں ایک انقلابی قدم ہے، اور یہ سی ڈی اے اسپتال کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل ہے، خاص طور پر ایسے دور میں جب سرکاری اور نجی شعبے کے مابین سخت مقابلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسپتال نہ صرف معیار برقرار رکھے ہوئے ہے بلکہ علاج و معالجہ کے بین الاقوامی معیار کو بھی فروغ دے رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ایک پروفیشنل اور پرعزم ٹیم کے ساتھ جدید اور اعلیٰ سہولیات کی فراہمی کے لیے کام جاری رکھیں گے۔چیئرمین سی ڈی اے نے سی سی یو، آئی سی یو سمیت مختلف وارڈز کا بھی دورہ کیا اور مریضوں کی خیریت دریافت کی۔ مریضوں نے چیئرمین سی ڈی اے کی آمد اور مزاج پرسی کو سراہتے ہوئے اسپتال کی خدمات اور ممبر ایڈمنسٹریشن طلعت محمود کی نگرانی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیپیٹل اسپتال ڈاکٹر نعیم تاج نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں چیئرمین سی ڈی اے کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ روبوٹک سرجری مستقبل کے جدید ترین طبی طریقوں میں سے ایک ہے جو سرجنز کو اعلیٰ درستگی، بہتر حرکت پذیری، اور آرام دہ ماحول فراہم کرتی ہے، جبکہ مریضوں کو کم زخم، کم خون بہاؤ، کم تکلیف، اور تیز صحتیابی جیسے فوائد حاصل ہوتے ہیں۔

اوبیسٹی ویک کے منتظم ڈاکٹر تنسیر اصغر نے ہفتہ بھر کے پروگرام کی تفصیلات بتائیں جس میں لائیو سرجری، ہینڈز آن ورکشاپس، تعلیمی سیشنز اور کیس ڈسکشن شامل تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام سے نہ صرف مقامی بلکہ بین الاقوامی سطح پر تعاون کو فروغ ملا ، ڈاکٹر سرتاج علی نے پہلی اوبیسٹی ویک کی کارکردگی پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ بیریاٹرک سروسز میں گزشتہ سال نمایاں ترقی ہوئی ہے ، تقریب میں کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان (CPSP) کے صدر پروفیسر ڈاکٹر شعیب شفیع نے بھی شرکت کی اور اس اقدام کو سراہتے ہوئے تربیتی پروگراموں میں تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔پاکستان، متحدہ عرب امارات، تائیوان، اور ترکی کے معروف بیریاٹرک سرجنز نے تقریب میں شرکت کی، سرجری کے مظاہرے کیے اور عالمی سطح پر تجربات کا تبادلہ کیا۔

اختتامی کلمات میں چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کیپیٹل اسپتال میں تحقیقی اور تعلیمی سرگرمیوں کو وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا تاکہ مریض مرکز جدید طبی سہولیات کو فروغ دیا جا سکےیہ تقریب کیپیٹل اسپتال کو روبوٹک اور بیریاٹرک سرجری کے قومی مرکز کے طور پر اجاگر کرنے کی جانب ایک بڑا قدم ہے اور پاکستان کی عالمی سرجیکل برادری میں بڑھتی ہوئی حیثیت کی عکاسی کرتی ہے۔