اسلام آباد (نیوز رپورٹر) چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈائریکٹر جنرل سول ڈیفنس کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے، کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے جاری بارش ایمرجنسی کے پیش نظر اپنے تمام فائر اور ریسکیو یونٹس کو فعال کر دیا ہے۔
ریسکیو ٹیمیں اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں گشت کر رہی ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے بروقت نمٹا جا سکے اور شہریوں کو فوری مدد فراہم کی جا سکے۔ ان ٹیموں کو خصوصی طور پر کم نشیبی علاقوں، اہم شاہراہوں اور گنجان آباد علاقوں میں تعینات کیا گیا ہے۔
سی ڈی اے کے مطابق کئی کامیاب ریسکیو آپریشنز مکمل کیے جا چکے ہیں، جن میں آبپارہ کے قریب درخت گرنے کے واقعے میں پھنسے ہوئے افراد کو بحفاظت نکالا گیا، جبکہ بارش کے باعث پانی بھرنے والے علاقوں سے پانی نکالنے کا کام بھی جاری ہے۔
ترجمان سی ڈی اے کا کہنا ہے کہ ادارہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دیں.