اسلام آ باد (سٹاف رپورٹر)چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ڈی اے بورڈ کے ممبران، ڈی جی بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی، ڈی جی ورکس، ڈی جی ریسورس، ڈی جی اربن پلاننگ، ڈی جی ای اینڈ ایم، ڈی جی سروسز، چیف آفیسر آئی سی ٹی، ڈائریکٹر ڈی ایم اے اور دیگر سینئیر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں سی ڈی اے کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لینے کے علاوہ نئے پراجیکٹس کے بارے میں بریفننگ دی گئی۔ اجلاس میں میلوڈی فوڈ اسٹریٹ کی اپ گریڈیشن اور فوڈ کوالٹی کا معیار بڑھانے کی ہدایت کی گئی۔ فوڈ اتھارٹی کا سی ڈی اے کے متعلقہ شعبہ اور ایم سی آئی کے درمیان کوارڈینیشن کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی۔
چیئرمین سی ڈی اے نے میلوڈی میں پارکنگ کیلئے وسیع ایریا مختص کرنے کے علاوہ خوبصورت لائٹس لگانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے بلیو ایریا میں فوڈ اسٹریٹ کے قیام، بہترین لینڈ سکیپنگ، خوبصورت لائٹس لگانے کے علاوہ پارکنگ کیلئے جگہ مختص کرنے کے علاوہ بلیو ایریا فوڈ اسٹریٹ کو جلد از جلد فنکشنل کرنے کی ہدایت کی ہدایت کی ، چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے شہر کے تمام بڑے مراکز میں ٹریفک کنٹرول کرنے کیلئے مؤثر ٹریفک پلان بنانے اور اس پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے شہر میں گاڑیوں کے بازار کیلئے مناسب جگہوں کا انتخاب کرنے کے علاوہ ٹریفک اور پارکنگ کے مسائل پر بروقت قابو پانے کی ہدایت کی۔
اجلاس کو گندھارا ہئیرٹیج کلب کی اپ گریڈیشن پر بریفننگ دی گئی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے گندھارا ہئیرٹیج کلب کے باقی ماندہ کام مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے شہر کے تمام پارکوں، مارگلہ روڈ اور دیگر روڈز پر خراب لائٹس کی جگہ نئی لائٹس لگانے کی ہدایت بھی کی ،چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اسلام آباد شہر کی ترقی، خوشحالی اور خوبصورتی ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں ماحول دوست درخت لگانے کے علاوہ شہر کی 5 شاہراہوں کلب روڈ، فیصل ایونیو، جناح ایونیو، مارگلہ روڈ اور ایکسپریس وے پر خصوصی طور پر اور دیگر جگہوں پر خوبصورت پودے، درخت اور پھول لگائے جائیں.