مسلح افواج نے بھارت کو بدترین شکست دے کراپنا لوہا منوا لیا، ثمینہ فاضل

اسلام آ باد (عرفان الحق)اسلام آبادویمن چیمبر کی بانی صدر ثمینہ فاضل نے کہا ہے کہ پاکستان کی بہادرمسلح افواج نے بھارت کو بدترین شکست سے دوچار کر کے اپنا لوہا منوا لیا ہے،بھارت کو منہ چھپانے کی جگہ نہیں مل رہی ہے، پاکستان کے حملوں نے نہ صرف بھارت کا دفاع کمزور کر دیا ہے بلکہ دشمن ملک کی عسکری قوت کا بھانڈا بھی پھوڑ ڈالا ہے،پاک فوج کا جرأت مندانہ اور پیشہ ورانہ ردعمل قوم کے لیے حوصلے اور فخر کا باعث ہے، اسلام آبادویمن چیمبر کی بانی صدر ثمینہ فاضل نے ان خیالات کا اظہارو یمن چیمبرکی سابق صدر رضوانہ آصف، سینئر نائب صدر شمائیلہ ناز، نائب صدر لائبہ فرحان،ترجمان نائمہ انصاری ،اور ممبران ایگزیکٹو کمیٹی ثمینہ بشیر، نبیلہ سمیع، شازیہ عمران، و دیگر کے ہمراہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا.

ثمینہ فاضل کا مزید کہنا تھا کہ خواتین ملک کی سلامتی، استحکام اور خودمختاری کے تحفظ میں افواجِ پاکستان کے کلیدی کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہیں، پاک فوج کا جرأت مندانہ اور پیشہ ورانہ ردعمل قوم کے لیے حوصلے اور فخر کا باعث ہے۔جنرل عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نے قومی وقار کو بلند رکھا اور ہر محاذ پر دشمن کو منہ توڑ جواب دیا،پاکستان کی کامیابی اور بھارت کی زلت آمیز پسپائی سے ساری دنیا میں پاک فوج اور فضائیہ کی ساکھ میں اضافہ ہوا ہے جبکہ بھارت کو منہ چھپانے کی جگہ نہیں مل رہی ہے۔سابق صدر رضوانہ آصف نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ پاکستان کی پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے اس لئے جنگ بندی کے دوران بھی جنگی تیاری مکمل رکھی جائے،انھوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے موقع پر چین اور ترکی نے پاکستان کی بھرپور فوجی امداد کی ، عرب ممالک نے اخلاقی حمایت کی جبکہ پاکستانی عوام بھی سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن گئے جو خوش آئند ہے، بھارت نے نہ صرف اپنی طاقت کا غلط اندازہ لگایا جبکہ پاکستان کو بھی کمزور ملک سمجھا جس کی اسے بھاری قیمت ادا کرنا پڑی ہے اور اب مودی حکومت کو سخت سوالات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔سینئر نائب صدر شمائیلہ نازنے کہا کہ پاکستان کے حملوں نے نہ صرف بھارت کا دفاع کمزور کر دیا ہے بلکہ دشمن ملک کی عسکری قوت کا بھانڈا بھی پھوڑ ڈالا ہے، بھارت نے خطے میں جس جنگی جنون کا مظاہرہ کیا اس کا شکار وہ خود ہوگیا،نائب صدر لائبہ فرحان نے کہا کہ نریندر مودی نے اپنی انتہا پسندانہ پالیسیوں اور جھوٹے دعوؤں کے ذریعے امن کو داؤ پر لگایا لیکن وہ یہ بھول بیٹھا کہ اس کے سامنے ایک ایٹمی صلاحیت کی حامل خود دار قوم کھڑی ہے جو اپنی خودمختاری اور قومی سلامتی پر کسی بھی قسم کا سمجھوتا کرنے کو تیار نہیں۔

بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان نے بھارتی ائربیسز، میزائل ڈیفنس سسٹمز، ملٹری انٹیلی جنس مراکز اور دیگر عسکری تنصیبات کو نشانہ تباہ کر دیا ،ترجمان نائمہ انصاری نے کہا کہ پاکستان نے واضح کیا ہے کہ وہ دفاع وطن کے لیے ہر محاذ پر اپنی مکمل صلاحیتوں کے ساتھ تیار ہے۔ یہ حقیقت اب دنیا پر یہ بات عیاں ہو رہی ہے کہ بھارت ایک جھوٹ کا محل کھڑا کر کے پاکستان پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کر رہا تھا مگر پاکستان نہ صرف میدانِ جنگ میں بلکہ سفارتی، سائبر اور میڈیا کے محاذ پر بھی بھرپور جواب دے رہا ہے،ممبران ایگزیکٹو کمیٹی ثمینہ بشیر، نبیلہ سمیع، شازیہ عمران و دیگرنے کہا کہ مودی اپنی فوج اور قوم کا مورال بلند کرنے اور اپنا کیرئیر بچانے کے لئے جنگ کو طول دے گا۔

بھارت نئے حملے کرے گا پاکستان کو تیار رہنا ہوگا اور اگر بھارت کی جنونیت جاری رہی پاکستان بھارت کے ناپاک عزائم اور خطے میں بالادستی کے خوابوں کو بار بار چکناچور کرتا رہے گا۔ثمینہ فاضل نے کہا کہ جنگ کہ دورانپاکستانی عوام نے مشکل وقت میں مثالی اتحاد کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان نے اپنی اخلاقی برتری ثابت کرتے ہوئے امن کی پیشکش جاری رکھی جس سے عالمی سطح پر سراہا گیا۔ بھارتی میڈیا کے پھیلائے گئے جھوٹے بیانیے عالمی میڈیا میں بے نقاب ہو گئے۔ پاکستان کی شفاف معلوماتی حکمت عملی نے دنیا کو اصل صورتحال سے آگاہ کیا۔انھوں نے کہا کہ حکومت، افواج، صنعت اور میڈیا کو مل کر ایک طویل مدتی دفاعی اور سفارتی حکمت عملی تیار کرنی چاہیے تاکہ آئندہ ایسی جارحیت کا فوری اور مؤثر جواب دیا جا سکے۔