جوائنٹ ایجوکیشن ایکشن کمیٹی کا افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ریلی کا انعقاد

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) جائنٹ ایجوکیشن ایکشن کمیٹی کا ہنگامی اجلاس چیئرمین جیک فضل مولا صاحب کی صدارت میں ہوا ۔ اجلاس میں سینیئر وائس چیئرمینز جناب ملک امیر خان، جناب رشید خان، جناب اکرم خان کھوسہ، جناب سید منصور احمد شاہ ، جناب سردار صدیق خان اور ترجمان جیک جناب محمد صفتین نے شرکت کی ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 14 مئی بروز بدھ دن ساڑھےدس بجے پریس کلب اسلام آباد سے شہید ملت سیکرٹیریٹ تک افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کے لیے ایک عظیم الشان ‘پاک فوج زندہ باد ریلی’ کا انعقاد کیا جائے گا ۔

ریلی میں اسلام اباد کے تعلیمی اداروں کے ہزاروں اساتذہ ، نان ٹیچنگ سٹاف اور طلبہ حالیہ بھارتی جارحیت کے خلاف پاک فوج کی شاندار اور بے مثال کارکردگی پر اسے خراج تحسین پیش کریں گے۔ اجلاس میں طے پایا کہ اسلام اباد کے تعلیمی اداروں سے ہزاروں اساتذہ کرام نان ٹیچنگ سٹاف اور طلبہ اپنی بھرپور شرکت سے پاک فوج سے اظہار یکجہتی اور وطن عزیز کے ناقابل تسخیر دفاع کا اعادہ کریں گے۔