کیپیٹل ہسپتال اسلام آباد نے دوسرے او بیسٹی اور روبوٹک سرجری ویک کی اختتامی تقریب کا انعقاد .محمد علی رندھاوا

اسلام آباد (نیوز رپورٹر)کیپیٹل ہسپتال اسلام آباد نے دوسرے او بیسٹی اور روبوٹک سرجری ویک کی اختتامی تقریب کا انعقاد کیا۔ جسکے مہمان خصوصی چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈائریکٹر جنرل سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا تھے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے نے ڈاکٹرز کی بھرتیاں خالصتاً میرٹ کے بنیاد پر کی ہیں، جو نہ صرف سی ڈی اے کیلئے فخر کی بات ہے بلکہ اس سے مریضوں کی دیکھ بھال کے معیار کو یقینی بنانے میں بھی مدد ملے گی۔

اس کا سہرا سی ڈی اے انتظامیہ کو جاتا ہے جو ممبر ایڈمنسٹریشن طلعت محمود اور انکی ٹیم کی نگرانی میں کام کر رہی ہے۔ انہوں نے ہسپتال کی تعلیمی معیار اور مریضوں کی دیکھ بھال کے عزم پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ممبر ایڈمنسٹریشن سی ڈی اے طلعت محمود اور ممبر انجینئرنگ نفاست رضا بھی موجود تھے۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے سی ڈی اے ہسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد نعیم تاج اور انکی لگن سے کام کرنے والی ٹیم کی زیر نگرانی جدید ترین او بیسٹی اور روبوٹک سرجری ویک کی کامیاب منعقدگی پر تعریف کی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہسپتال کے نرسنگ اسٹاف کی انتہائی اہم خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس بڑے ایونٹ کی کامیابی میں انکا کردار ناگزیر تھا۔ انکی محنت کو معیاری طبی خدمات کی فراہمی میں کلیدی قرار دیا گیا،مستقبل کیلئے سی ڈی اے قیادت نے خطے میں صحت کی خدمات کو بہتر بنانے کیلئے تعاون پر مبنی کوششوں پر زور دیتے ہوئے کیپیٹل ہسپتال کی جاری کاوشوں کی مکمل حمایت کا یقین دلایا.