اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبر ایڈمن، ممبر فنانس، سی او ایم سی آئی سمیت ڈائریکٹر ڈی ایم اے اور سی ڈی اے کے سنئیر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں اسلام آباد میں متعارف کئے گئے ڈیجیٹل بورڈز اور اسٹریمرز کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پلاسٹک بل بورڈز، پینا فلیکس اور پلاسٹک بینرز کے زریعے اشتہارات کو بتدریج ختم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی جگہ ماحول دوست، جدید ٹیکنالوجی پر مبنی ڈیجیٹل اسٹریمرز کے زریعے تشہیر اور اشتہارات کا فیصلہ کیا گیا جس سے نہ صرف اخراجات میں کمی آئے گی بلکہ کم وقت میں زیادہ سے زیادہ جگہوں پر نمایاں تشہیر/ اشتہارات نشر کئے جاسکیں گے۔ اجلاس میں ڈیجیٹل تھری ڈی اشتہارات کو بھی فروغ دینے کے علاوہ ڈیجیٹل اشتہارات کو اسلام آباد کی مزید مرکزی شاہراہوں پر لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔
چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا نے میٹرو اور الیکٹرک بس اسٹیشنز پر ڈیجیٹلائزڈ سکرینز متعارف کروانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے رہائشی و کمرشل عمارتوں پر وال چاکنگ کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ڈی ایم اے اسلام آباد شہر کی تمام شاہراہوں، انڈر پاسز اور فلائی اوورز کو وال چاکنگ کے حوالے سے مکمل مانیٹرنگ کا نظام واضع کرے تاکہ کسی بھی شکایت کی صورت میں بروقت قانون کے مطابق تادیبی کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اسلام آباد شہر کو خوبصورت اور ڈیجٹلائزڈ بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں تاکہ اسلام آباد شہر کا شمار دنیا کے خوبصورت دارلحکومتوں میں ہوسکے