اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر) اسلام آباد میں طوفانی بارش اور ژالہ باری کے پیش نظر چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر سی ڈی اے، اسلام آباد میٹروپولیٹن کارپوریشن (ایم سی آئی) اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ ٹیمیں فوری طور پر متحرک کردی گئی ہیں۔ فیلڈ میں تعینات تمام ٹیموں کو شہریوں کو ہر ممکن سہولت اور مدد فراہم کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈائریکٹوریٹ ، سینیٹیشن اور انوائرنمنٹ ونگ کو اسلام آباد کی تمام شاہراہوں پر گرے ہوئے درختوں، ملبے اور دیگر رکاوٹوں کو فوری ہٹانے، سڑکوں کی صفائی کے عمل کو تیز کرنے اور ٹریفک کے بہاؤ کو معمول پر لانے کے لیے اقدامات یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔
شہر کے نالوں، آبی گزرگاہوں اور انڈر پاسز میں پانی کے بہاؤ میں رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے سینیٹیشن اور انوائرنمنٹ ونگ کے عملے اور مشینری کو فیلڈ میں تعینات کیا گیا ہے۔ مرکزی شاہراہوں ، انڈر پاسز اور نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی نگرانی کا نظام قائم کیا گیا ہے۔ سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کے افسران فیلڈ میں موجود رہ کر تمام تر کارروائیوں کی براہِ راست نگرانی کر رہے ہیں۔ شہر کی تمام شاہراہوں، نالوں اور حساس علاقوں کی 24 گھنٹے نگرانی کی جارہی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال پر فوری اقدامات کیے جاسکیں۔ چیئرمین محمد علی رندھاوا نے واضح ہدایت کی ہے کہ ٹریفک نظام کے بہاؤ کو رواں ، صفائی اور نکاسی آب کے عمل کو تیز کرنے کے ساتھ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہونے دیا جائے۔ شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال یا شکایت کے لیے سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کے ہنگامی نمبرز پر فوری رابطہ کرسکتے ہیں۔ موصول ہونے والی تمام شکایات کے بروقت ازالے کو یقینی بنایا جائے گا۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ہدایات پر عمل کرتے ہوئے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ شہریوں کی حفاظت اور سہولت ہماری اولین ترجیح ہے۔ ہماری ٹیمیں دن رات کام کررہی ہیں تاکہ زندگی معمول کے مطابق جاری رہے۔ اس ضمن میں سی ڈی اے انتظامیہ عوام کو یقین دلاتی ہے کہ تمام تر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے شہر کو معمول پر لانے کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔