عید الضحی کے موقع پر اسلام آباد میں صفائی کے انتظامات کو موثر اور منظم انداز میں سر انجام دینے کیلئے ایکشن پلان ترتیب دے دیا گیا، محمد علی رندھاوا

اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر )چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ڈی بورڈ کے ممبران سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔چئیرمین سی ڈی اے کی ہدایات کی روشنی میں ڈائریکٹوریٹ آف سینی ٹیشن نے اسلام آباد میں قربانی کے جانوروں کی اوجھڑیاں اور دیگر آلائشیں اْٹھانے کیلئے خصوصی انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔اس سلسلے میں شہر کو پانچ (05) زون میں تقسیم کیا گیا ہے تاکہ مطلوبہ نتائج حاصل کئے جا سکیں۔ زون ون میں ایف فائیو، ایف سکس، بلیو ایریا اور سیدپور، زون ٹو میں فیصل مسجد، ای سیون، ایف سیون، ایف ایٹ اورجی ایٹ۔ زون تھری میں ایف ٹین، ایف الیون، گولڑہ شریف، جی نائن، جی ٹین، جی الیون وغیرہ۔ زون فور میں ایچ ایٹ، ایچ نائن، ایچ ٹین، ایچ الیون، آئی ایٹ، آئی نائن، آئی ٹین، آئی الیون وغیرہ جبکہ زون فائیو میں ہائی وے، ماڈل ویلج ہمک، شہزاد ٹاؤن، راول ٹاؤن، مارگلہ ٹاؤن وغیرہ شامل ہیں۔ زون کو چیف سینٹری انسپکٹر سپروائز کرے گا جبکہ سیکٹر ز میں سینٹری انسپکٹر اور سپروائزر اپنی خدمات سر انجام دیں گے۔

ایکشن پلان کے مطابق سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ کے عملے کی عید کے دوران چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں اورتقریباً 2500 سے زائد عملہ خاکروب، سپروائزری سٹاف اور افسران ہنگامی بنیادوں پر ڈیوٹی کر کے شہر کو صاف رکھے کے فرائض سر انجام دے گا۔ جبکہ 250 سے زائد گاڑیاں، ٹریکٹر ٹرالیاں، گاربیج کمپیکٹر، اسکپ لفٹر، ٹرک ڈمپر، فرنٹ لوڈر، شاول اور ڈوزر وغیرہ اس مہم میں شامل ہوں گے۔ قربانی کے جانوروں کی اوجھڑیاں اور دیگر آلائشوں کو تلف کرنے کیلئے 55 مختلف مقامات پر 107 سے زائد گڑھے کھودے گئے ہیں۔چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد کی ہدایات کے مطابق اس عید الضحٰی پر اسلام آباد کے شہری اور دیہی علاقوں میں بائیو ڈیگریڈ ایبل پلاسٹک بیگ دئیے جائیں گے۔ تاکہ شہری قربان شدہ جانوروں کی آلائشوں کو محفوظ طریقے سے تلف کرسکیں۔ مزید برآں اسلام آباد کے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ قربانی کے جانور جگہ جگہ ذبح کرنے سے گریز کریں اور اجتماعی قربان گاہ کو ترجیح دیں اور قربانی کے جانور جہاں ذبح ہوں، ان کی اْوجھڑیاں اور دیگر آلائشیں وہیں رکھیں، تاکہ عملہ صفائی اْس کو فوری طور پر اْٹھا کر لے جائے۔ اْوجھڑیاں نالوں، جنگلوں وغیرہ میں نہ پھینکیں اور کوڑے دانوں اور گاربیج ٹرالیوں و اسکپوں میں بھی نہ ڈالیں۔شہریوں کے عدم تعاون کی صورت میں شہر میں تعفن اور مہلک بیماریاں پھیل سکتی ہیں۔خلاف ورزی پر قانونی کاروائی عمل میں لائی جا ئے گی۔

اس کے علاوہ اسلام آباد کے دیہی علاقوں جن میں بری امام، بنی گالہ، سوہاں، کھنہ، کرال، ترلائی، علی پور، لہتراڑ روڈ، بہارہ کہو، جھنگی سیداں، ترنول، سنگجانی، سرائے خربوزہ، شاہ اللہ دتہ وغیرہ میں متعلقہ یونین کونسل کے ذریعے صفائی کی سہولیات دی جائیں گی۔ یونین کونسلز نے بھی اپنے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔ اس موقع پر تمام اسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات جاری کی گیئں کہ وہ تمام پرائیویٹ و کوآپریٹیو ہاوسنگ سوسائیٹیوں کی مینجمنٹ کمیٹیوں سے رابطے میں رہیں اور ان کو پابند کیا جائے وہ الائشوں کو محفوظ طریقے سے تلف کریں اور تعاون نہ کرنے کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔مزید براں دو ایمرجنسی سیل قائم کر دیئے گئے ہیں، جو کہ سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ کے مرکزی دفتر واقع جی سکس ون فور اور ٹرانسپورٹ سیکشن واقع فائر ہیڈ کوارٹرز، جی سیون فور میں دن رات کام کریں گے۔ جبکہ مرکزی کمپلینٹ سینٹر سیف سٹی کے مرکزی دفتر واقع سیکٹر H-11 میں قائم کیا گیا ہے۔ شہری صفائی کے حوالے سے معاملات یا اْوجھڑیاں وغیرہ اٹھوانے کیلئے شہری سینی ٹیشن ہیلپ لائن نمبر 1334 یا 9213908 اور ٹیلی فون 9203216، 9211555, پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں شہری واٹس ایپ پیغام (What’s App Message) یا ایس ایم ایس(SMS) کے ذریعے نمبر 03355001213 پر اپنے پیغامات بھیج سکتے ہیں۔

چیئرمین سی ڈی اے نے مزید کہا کہ شہریوں کے بھرپور تعاون اور دی گئی ہدایات پر عملدرآمد سے ہی ادارہ مطلوبہ نتائج حاصل کر سکتا ہے اور بروقت صفائی سے شہر کو تعفن و بیماریوں سے بچایا جاسکتا ہے.