اسلام آ باد ( سٹاف رپورٹر )چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے بورڈ کا گیارہواں اجلاس سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ڈی اے بورڈ ممبران سمیت دیگر سنئیر افسران نے شرکت کی۔ سی ڈی اے بورڈ کے اجلاس میں مختلف ایجنڈا آئٹمز زیر غور لائے گئے۔سی ڈی اے بورڈ کے اجلاس میں نیشنل انڈسٹریل ریلیشنز کمیشن (این آئی آر سی) اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات کو مدنظر رکھتے ہوئے سی ڈی اے کے 22 عارضی ملازمین کی مستقلی کو سپریم کورٹ میں زیر التواء اپیل کے حتمی فیصلے تک مستقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ مستقبل میں چیئرمین سی ڈی اے نے ملازمین کی پرموشن اور مستقلی کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن حکومت پاکستان کی پالیسیوں سے ہم آہنگ کرنے کی ہدایت کی۔
سی ڈی اے بورڈ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سی ڈی اے ماڈل نرسری جس کو ‘گارڈینیا حب’ میں تبدیل کرنے کیلئے سی ڈی اے بھرپور کاوشیں کررہا ہے۔ اس سلسلہ میں سی ڈی اے کے انوائرمنٹ ونگ نرسری کے زیر اہتمام لینڈ سکیپنگ اور ہارٹیکلچر انسٹیٹیوٹ قائم کرنے کے حوالے سے تیکنیکی اور پنجاب یونیورسٹی سے الحاق کے امور کا جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ سی ڈی اے اس سلسلہ میں پنجاب یونیورسٹی لاہور کے متعلقہ شعبہ سے الحاق کے بارے میں مزید معلومات اکٹھا کرنے کے ساتھ ساتھ تمام قانونی تقاضوں کو پورا کرے تاکہ سی ڈی اے کی ماڈل نرسری میں ہارٹیکلچر اور لینڈ سکیپنگ انسٹیٹیوٹ قائم کیا جائے جس میں بی ایس ڈگری کے ساتھ ساتھ ایک سالہ ڈپلومہ پروگرامز کے اجراء کو ممکن بنایا جاسکے۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف اسلام آباد کے گرین ایریاز کو مزید خوبصورت بنانے کے علاؤہ نوجوانوں کو جدید ہارٹیکلچر اور لینڈ سکیپنگ کے شعبوں میں تربیت دے کر روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے کا یہ اقدام شہر کو خوبصورت بنانے کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی کے اصولوں کو بھی فروغ دے گا۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ سی ڈی اے ماڈل نرسری کو ‘گارڈینیا حب’ کے ساتھ قائم ہونے والا لینڈ سکیپنگ اور ہارٹیکلچر انسٹیٹیوٹ نہ صرف بہترین ریسرچ سینٹر ہوگا بلکہ عملی تربیت کے نتیجے میں سی ڈی اے کو بہترین ہارٹیکچر لینڈ سکیپنگ ایکسپرٹس میسر ہونگے جن کی صلاحیتوں سے استفادہ کرتے ہوئے سی ڈی اے کو مستقبل میں اسلام آباد کو ایک جدید، خوبصورت اور مثالی شہر بنانے میں مدد ملے گی.