چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت محرم الحرام کے انتظامات، مون سون کی تیاریوں کا اجلاس منعقد

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت محرم الحرام کے انتظامات، مون سون کی تیاریوں اور سی ڈی اے کی مختلف فارمیشنز، ایم سی آئی/ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان ہم آہنگی اور رابطوں کو مزید موثربنانے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ڈی اے کے بورڈ ممبران، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر،سی ڈی اے کی تمام فارمیشنزکے ڈی جیز،چیف آفیسر ایم سی آئی،ڈپٹی ڈی جی انفورسمنٹ،ڈائریکٹرڈی ایم اے اوراسلام آباد کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی ، چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ ایم سی آئی اور ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے افسران خصوصاً متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرزغیرقانونی تعمیرات،تجاوزات،قبضہ مافیا،ٹوٹی ہوئی شاہرات،پانی کی عدم فراہمی،ٹینکرزاور ٹیوب ویلز کی عدم دستیابی،غیرقانونی تجاوزات،پارکس کی خستہ حالی،نشیبی علاقوں میں پانی کا ٹھہراؤ،نالوں کی بروقت صفائی اور دیگرمسائل کی نشاندہی کریں جن کو سی ڈی اے کے متعلقہ افسران/اہلکاران حل کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں گے اس سلسلہ میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

چیئرمین سی ڈی اے نے غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کو ہٹانے، سڑکوں کی تعمیر و مرمت، پارکوں اور صفائی کے معاملات کے حل کیلئے مستقل بنیادوں پر جامع پلان تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ اس ضمن میں چیئرمین سی ڈی اے نے اسسٹنٹ کمشنرز کو سی ڈی اے کے تمام فارمیشنز کے فوکل پرسنز اور فیلڈ تشکیلات کے درمیان ہم آہنگی کو بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے باقاعدہ کوآرڈینیشن میٹنگز کے علاوہ اسلام آباد کے مختلف ایریاز کی بہتری کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز بشمول تاجروں، سرمایہ کاروں،سول سوسائٹی اور دیگرسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرنے کی بھی ہدایت کی ، چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ بدعنوانی کے خلاف ”زیرو ٹالرنس” کی پالیسی پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے،ایم سی آئی،ڈی ایم اے اور ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن خصوصاًاسسٹنٹ کمشنرزکے ساتھ مل کر فیلڈمیں موجودرہیں۔سی ڈی اے،ایم سی آئی اور ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن عوام کی فلاح و بہود کے لیے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ ساتھ اپنے فرائض منصبی اپنی بہترین صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے یقینی بنائیں۔

چیئرمین سی ڈی اے،چیف کمشنراسلام آباد اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوانے ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران سیکورٹی کے فل پروف انتظامات،تمام روٹس پرلائٹس کی مکمل بحالی اورٹریفک کے بہترین انتظامات کیے جائیں۔مزید برآں مون سون کے سیزن کے دوران نکاسی آب کے لیے نالوں کی مکمل صفائی اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ کسی جگہ پر بھی پانی کا ٹھہراؤ نہ ہو اور نہ ہی شہریوں کو آمدن ورسل کے ذرائع کے حصول میں کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے