چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ممبر انوائرمنٹ اسفندیار بلوچ، ڈی جی انوائرمنٹ، ڈپٹی ڈی جی انفورسمنٹ، ڈائریکٹر ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ افسران کے ہمراہ سید پور ماڈل ویلج کا دورہ

اسلام آباد (سٹا ف رپورٹر )چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے ممبر انوائرمنٹ اسفندیار بلوچ، ڈی جی انوائرمنٹ، ڈپٹی ڈی جی انفورسمنٹ، ڈائریکٹر ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ افسران کے ہمراہ سید پور ماڈل ویلج کا دورہ کیا اور وہاں جاری اپ لفٹنگ اور تزئین و آرائش کے حوالے سے جاری کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کو سید پور ماڈل ویلج میں جاری اپ لفٹنگ کے تحت ہونے والے اب تک کے کاموں پر پیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفننگ دی گئی ، چیئرمین سی ڈی اے کو بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سید پور ماڈل ویلج کی اپ لفٹنگ اور تزئین و آرائش کا کام تیزی سے جاری ہے اور باکو کے آرکیٹکٹس اور ہارٹیکلچر ماہرین خصوصی طور پر معاونت فراہم کررہے ہیں ، چیئرمین سی ڈی اے نے سید پور ویلج کی اپ لفٹنگ اور تزئین و آرائش کے کاموں کے حوالے سے باکو ٹیم کے آرکیٹیکٹ و ہارٹیکلچر ماہرین کے کام کو سراہا۔ انہوں نے یہ امید ظاہر کی کہ جلد ہی اسلام آباد شہر کو دنیا کا خوبصورت اور جدید ترین ایسا دارلخلافہ جو سیاحتی اور تفریحی سہولیات سے آراستہ شہر کے طور پر متعارف کروایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سید پور ویلج کی اپ لفٹنگ اور تزئین و سے نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا بلکہ یہ شہریوں کیلئے ایک پرکشش تفریحی مقام بھی بنے گا۔ انہوں نے سید پور ویلج کو عالمی معیارات کے مطابق ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ ماڈل میں تبدیل کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔

چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اس منصوبہ سے سید پور ماڈل ویلج ایک بہترین سیاحتی مقام بن جائے گا اور یہاں سیاحوں کیلئے بہترین انتظامات اور تفریحی سہولیات کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے نے سید پور ماڈل ویلج کی اپ لفٹنگ اور تزئین و آرائش کے کاموں کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ سید پور ویلج کو بہترین سیاحتی و تفریح مقام بنانے کے حوالے سے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں ، چیئرمین سی ڈی اے کو بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مارگلہ ہلز نیشنل پارک ایریا میں غیر قانونی طور پر قائم کی گئی تعمیرات کے خلاف کامیاب آپریشن کے نتیجے میں 23 کنال اراضی واگزار کرالی گئی ہے ، جس کو سید پور کے قانونی طور پر مکین افراد نے سراہا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ آپریشن کے نتیجے میں نیشنل پارک کی حدود میں قائم 13 غیر قانونی مکانات کو مسمار کیا گیا اور تقریباً 23 کنال قیمتی سرکاری اراضی کو ناجائز قابضین سے واگزار کرا لیا گیا ہے ،واگزار کرائی گئی سرکاری اراضی کو ماحولیاتی تحفظ کے پیش نظر انوائرمنٹ ونگ کے حوالے کر دیا گیا تاکہ نیشنل پارک کی قدرتی خوبصورتی اور خوبصورت ماحول کو بحال رکھا جاسکے۔

اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے نے اس عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کے قدرتی حسن ، خوبصورتی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے اور مارگلہ ہلز نیشنل پارک سمیت تمام علاقوں میں کسی بھی قسم کی تجاوزات یا غیر قانونی قبضے کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی اسلام آباد کی قدرتی خوبصورتی کے ساتھ کسی کو کھیلنے کی اجازت دی جائے گی ۔ اس حوالے سے کسی بھی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا.